دہشت گرد گروہ داعش کے خفیہ ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کی بمباری

شیعیت نیوز: عراقی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ملک کے شمالی صوبوں میں داعش کے خفیہ ٹھکانوں پربمباری کی ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ صلاح الدین میں داعش کے خفیہ ٹھکانوں پربمباری کی جس کے نتیجے میں متعدد داعش دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ اس رپورٹ کے مطابق ان حملوں میں داعش کے 4 خفیہ ٹھکانے تباہ ہو گئے۔
عراق اور شام میں داعش کی شکست کے بعد سے امریکی فوجی اس دہشت گرد گروہ کے باقی بچے عناصر کو اپنی نگرانی میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے چلے آرہے ہیں۔
عراق نے 2017 میں داعش کی شکست کا اعلان کیا تھا، لیکن اس گروہ کے باقی بچے عناصر اب بھی بعض علاقوں میں موجود ہیں اور گاہ بہ گاہ عراقی عوام اور سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کرتے رہتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی مشیر، فوجیوں سے زیادہ خطرناک ہیں، حشد الشعبی کمانڈر قاسم مصلح
یاد رہے کہ دو ہزار چودہ میں عراق کے مختلف علاقوں پر داعش کا قبضہ ہو جانے کے بعد آیت اللہ العظمیٰ سیستانی کے فتوے پر عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کا قیام عمل میں آیا اور پھر دو ہزار سولہ میں عراقی پارلیمنٹ نے اس کو ملک کی مسلح افواج کا حصہ قرار دیا تھا۔
عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی ملک بھر میں داعش کے باقی بچے عناصر کا تعاقب کر رہی ہیں۔
دوسری جانب عراق کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ عراقی اسپیکر کی میزبانی کی عمارت پر میزائل حملہ ہوا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ صوبہ الانبار میں عراق کے اسپیکر محمد الحلبوسی کی میزبانی کے مقام پر 3 میزائل داغے گئے جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
ٹیلی ویژن چینل روسیہ الیوم کا کہنا ہے کہ راکٹوں سے حملہ ہوا ہے۔ ابھی تک اس حملے کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔