اہم ترین خبریںپاکستان

وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک ، شیعہ ، اہل حدیث ،نوربخشی علماء وصوبائی وزراء کا مثالی وحدت کا مظاہرہ

بدھ کے روز تینوں مسالک کے اکابرین نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے ایک دوسرے کی دعوتوں میں بھی شرکت کی۔

شیعیت نیوز: وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک ، شیعہ ، اہل حدیث ،نوربخشی علماء وصوبائی وزراء کا مثالی وحدت کا مظاہرہ، یوم عاشور کو بلتستان کے ضلع گانچھے غواڑی میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کے بعد صورتحال میں بہتری آگئی اور بدھ کے روز اہل حدیث، اہل تشیع اور نوربخشیہ مسالک کے مابین اتحاد بین المسلمین کا شاندار مظاہرہ دیکھنے کو ملا جب دونوں مسالک کے علماء و اکابرین ایک دوسرے کی دعوت میں شریک ہوئے۔

بدھ کے روز جمعیت اہلحدیث کی جانب سے اہل تشیع، اہلسنت اور اہل نوربخشی کے علمائے کرام، عمائدین، اکابرین اور صوبائی وزراء کو ظہرانہ دیا گیا۔ رات کو اہل تشیع غواڑی کی جانب سے مسجد امام علی رضاؑ میں جمعیت اہلحدیث، اہلسنت اور نوربخشیہ مسلک کے اکابرین کو عشائیہ دیا گیا۔ ظہرانے اور عشائیے میں مجلس وحدت مسلمین کے رہنما وصوبائی وزیر زراعت کاظم میثم سمیت دیگرصوبائی وزراء، اہلسنت، اہل تشیع، اہلحدیث اور اہل نوربخشی کے علمائے کرام و اکابرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اتحاد امت کا عملی مظاہرہ کیا۔ جمعرات کے روز چاروں مسالک کے علمائے کرام اور معززین کو نوربخشیہ مسلک کی جانب سے خپلو میں ظہرانہ دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: توقع ہے کہ ایران عالم اسلام کے اتحاد کیلئےمرکزی کردار اداکرتےہوئےامت کی ترجمانی کرےگا،سراج الحق

یاد رہے کہ یوم عاشور کو غواڑی میں جلوس پر شرپسندوں نے پتھرائو کر کے پچاس کے قریب عزاداروں کو زخمی کیا تھا۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ واقعے کیخلاف بلتستان میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور سکردو میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔ معروف عالم دین سید علی رضوی فوری طور پر غواڑی پہنچ گئے۔

دوسری جانب حکومتی وزیروں، صوبائی امن کمیٹی اور علماء نے معاملے کو احسن طریقے سے حل کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دیں۔ اتوار کے روز اہل حدیث کے علماء و اکابرین نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ معافی مانگی اور آئندہ جلوس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ بننے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد صورتحال بہتر ہوئی اور غیر یقینی کی کیفیت ختم ہو گئی۔ بدھ کے روز تینوں مسالک کے اکابرین نے ایک قدم اور آگے بڑھاتے ہوئے ایک دوسرے کی دعوتوں میں بھی شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button