اہم ترین خبریںپاکستان

سنچری ڈیل کے نام پر اسرائیل کو تسلیم کرانے کی مہم شیطانی سازش ہے،علامہ سبطین سبزواری

شیعت نیوز: شیعہ علما کونسل کے زیراہتمام ملک بھر میں نماز جمعتہ الوداع کے بعد القدس ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ریلیوں میں ناجائز اسرائیلی ریاست کے وجود کو مسترد کرتے ہوئے فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ فلسطین کی آزادی اور یہودی سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مسلم ممالک کو ایک ایجنڈے پر متفق ہونا ہوگا۔ سنچری ڈیل کے نام پر اسرائیل کو تسلیم کرانے کی مہم کو شیطانی سازش قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کچھ مسلم ممالک کا اسرائیل کی طرف جھکاو مظلوم فلسطینیوں کی آزادی میں رکاوٹ ہے۔ امریکہ اسرائیل کے مظالم کی حمایت کرکے شیطانیت اظہار کر رہا ہے۔ گولان کی پہاڑیوں کو اسرائیل کا حصہ اور بیت المقدس کو دارالحکومت قرار دینا کسی صورت قبول نہیں۔ بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے۔ جو کسی صورت ناجائز ریاست کا ہیڈکوارٹر نہیں بن سکتا۔

لاہور میں صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں القدس ریلی پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی گئی۔ جس میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، جعفریہ یوتھ، وفاق المدارس الشیعہ، شیعہ علما کونسل لاہور شعبہ خواتین، اسلامک ایمپلائیز اور امامیہ آرگنائزیشن کے رہنما بھی شریک ہوئے۔ مظاہرین نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکی پرچم نذر آتش کیا۔ کارکنوں نے امام خمینی، رہبرمعظم آیت اللہ خامنہ ای اور علامہ ساجد علی نقوی حفظ اللہ کی تصاویر اور مطالبات کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

یہ خبربھی لازمی پڑھیں:القدس ریلیوں میں ہم سے جدا ہونے والے دوبارہ شیعہ علما کونسل کی ریلیوں میں واپس آجائیں، علامہ سبطین سبزواری کی پیشکش

ریلی سے خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ فلسطین فقط عرب ہی نہیں پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ امام خمینی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دے کر فلسطینیوں کی جدوجہد آزادی کی عملی حمایت کی ریت کا اعلان کیا ۔ جس پر امت مسلمہ کے تمام طبقات اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ اب اہلسنت برادران کی کچھ تنظیموں نے بھی فلسطینیوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کرنا شروع کئے ہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ اسرائیل کے پنجوں سے بیت المقدس کو آزاد کروانے کیلئے شیعہ سنی اتحاد کے ساتھ ایران اور سعودی عرب تنازع کو بھی ختم کرنا چاہئے، حکمران بھی امریکہ کی خوشنودی کی بجائے، فلسطینیوں کے حقوق کیلئے حماس اور حزب اللہ کا ساتھ دیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی طرف قدم فلسطینیوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہوگا اور شدید عوام ردعمل آئے گا۔ ریلی سے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا جعفر عباس نقوی، صوبائی نائب صدور مولانا رائے ظفر علی، حافظ کاظم رضا نقوی، شبیر نقوی، مولانا حسن رضا قمی، شہباز نقوی، قائم مقام ضلعی صدر ملک فقیر حسین، ضلعی جنرل سیکرٹری جعفر علی شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button