دنیا

صدرٹرمپ نے روس، ایران اور شمالی کوریا پر پابندیوں کے بل پر دستخط کردیئے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کی جانب سے روس ، ایران اور شمالی کوریا پر عائد کی جانے والی نئی پابندیوں سے متعلق بل پر دستخط کر دیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے کانگریس کی جانب سے پاس کئے گئے اس بل پر دستخط کر دیئے ہیں جس میں روس ، ایران اور شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ بل میں یہ شق بھی شامل ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس ، ایران اور شمالی کوریا پر عائد پابندیوں میں نرمی نہیں کر سکیں گے۔ امریکی کانگریس کی جانب سے نئی پابندیاں 2016 میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں روس کی مبینہ مداخلت کے الزام میں عائد کی گئی ہیں جبکہ اس سے قبل روس کی جانب سے کریمیا سے الحاق اور شام میں روسی موجودگی کی وجہ سے بھی امریکہ نے ماسکو پر اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ روس نے اس بل کی کانگریس سے منظوری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ملک سے 775 سفارتی اہلکاروں کو نکل جانے کی ہدایت کی تھی جبکہ اب صدر کی جانب سے بل پر دستخط کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید تناؤ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ٹرامپ کا کہنا ہے کہ وہ بل کی بعض شقوں سے متفق نہیں ہیں لیکن قومی اتحاد کے لئے اس پر دستخط کررہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button