دنیا

افغانستان کے صوبے قندوز کے کئی علاقوں پر طالبان نے قبضہ

افغانستان کے صوبے قندوز کے صوبائی کونسل کے صدر امرالدین ولی نے کہا ہے کہ طالبان نے کسی مزاحمت کے بغیر ہی صوبہ قندوز کے 13 گاؤں پر قبضہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ان علاقوں پر فوج نے کنٹرول حاصل کیا تھا لیکن فوج کی جانب سے سکیورٹی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے طالبان نے دوبارہ ان علاقوں پر قبضہ کر لیا۔

حالیہ دنوں میں طالبان نے ہرات، ہلمند، بدخشان اور بغلان سمیت کئی صوبوں پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔

دوسری جانب افغانستان کے صوبے قندہارمیں فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں 40 افغان فوجی ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔ جوابی حملے میں 80 سے زائد طالبان بھی مارے گئے۔

افغان حکام کے مطابق ضلع خاکریز کے فوجی بیس پر مسلح طالبان نے رات گئے حملہ کیا جہاں افغان فورسز اور حملہ آوروں میں کئی گھنٹے تک مقابلہ جاری رہا۔

حملے میں درجنوں افغان فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے جبکہ 12 لاپتہ ہیں۔ افغان ایئر فورس کے فضائی حملوں میں متعدد حملہ آور بھی مارے گئے جبکہ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی شمالی شہر مزار شریف کے باہر واقع فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں کم از کم 135 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

فوجی تنصیبات پر طالبان کے حملوں میں یہ اب تک کا سب سے خطرناک اور تباہ کن حملہ تھا

متعلقہ مضامین

Back to top button