پاکستان

کراچی: دہشتگردوں کی پاک فوج کی کاڑی پر فائرنگ دو اہلکار شہید

شیعیت نیوز: ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پاک فوج کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

میڈیا کے مطابق صدر میں واقع پارکنگ پلازہ کے قریب ایک سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں ایک اہلکار موقع پر ہی شہید اور دوسرا شدید زخمی ہوا، زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

جناح ہسپتال کے شعبہ حادثات کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ نشانہ بننے والے افراد کے نام عبد الرزاق اور خادم حسین ہیں۔

عبد الرزاق پاک فوج میں لانس نائیک جبکہ خادم حسین سپاہی کے رینک پر فائز تھے۔

رپورٹس کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جبکہ انہوں فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی میں سوار اہلکاروں کے جسم کے اوپری حصے کو نشانہ بنایا۔

موٹر سائیکل سوار فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہو گئے جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس و رینجرز کی بھاری نفری فائرنگ کے مقام پر پہنچ گئی۔

خیال رہے کہ 8 ماہ قبل کراچی میں مسلح نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ملٹری پولیس کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

ملٹری پولیس کی جیپ شہر کی صدر سے متصل مرکزی ایم اے جناح روڈ پر تبت سینٹر کے قریب رش میں پھنسی ہوئی تھی، جب اس پر پیچھے سے گولیوں کی بوچھاڑ کی گئی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button