پاکستان

داعش ،طالبان اور القاعدہ کا تسلسل ہے، علامہ شہنشاہ نقوی

جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام قومی مرکز شادمان لاہور میں یوم حسین علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علما کونسل کے رہنماؤں علامہ شہنشاہ حسین نقوی، علامہ مظہر عباس علوی، حافظ کاظم رضا نقوی، مرکزی صدر جے ایس او وفا عباس اور دیگر رہنماؤں نے سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار شہداء کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ داعش اسلام کی دشمن ہے، عالم اسلام کا اتحاد وقت کی ضرورت ہے، شیطانی اور استعماری قوتوں کے مقابلے کیلئے تحریک کربلا سے درس لینا بقا ہے، مسلم خواتین سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے میدان عمل میں نکلیں تاکہ اسلام کے حقیقی چہرے کو دنیا کے سامنے پیش کیا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش ،طالبان اور القاعدہ کا تسلسل ہے، جو استعماری قوتوں نے اسلامی ممالک میں انتشار پیدا کرنے اور اسلام کو بدنام کرنے کیلئے بنائی۔ انہوں نے کہا جے ایس او قومی طلبہ تنظیم ہے، جو نئی نسل کی تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے، پاکستان میں اتحاد و وحدت کیلئے علامہ سید ساجد علی نقوی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

تقریب میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر چودھری سہیل چیمہ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی نائب صدر ثمر عباس، شیعہ علما کونسل لاہور کے صدر مولانا یعقوب حیدری، شہباز حیدر نقوی، جے ایس او کے ڈویژنل صدر فخر عباس بٹر، سہیل عباس، اور جعفریہ یوتھ کے صدر عامر علی بھٹی بھی شریک ہوئے۔ یوم حسینؑ سے خطاب میں خطیب عالم اسلام علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے حسینیت کے قیام کے مقاصد کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی فکر اور سوچ بتوں کو توڑنا تھی، بت بنانے والے کارخانے بند کروانا نہیں، اسی طرح سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کو ختم نہیں کیا، یزیدی فکر کے خاتمے اور اصلاح امت کیلئے قیام کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس او قوم کی ضرورت ہے، جو نئی نسل کو اسلام شناسی کا درس دے رہی ہے۔ بزرگ عالم دین آغا تقی بہجد سے اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ پاکستان میں قیادت کی نہیں، اطاعت کی کمی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ ساجد علی نقوی کی شکل میں بہترین قیادت موجود ہے، اطاعت نہ ہو تو امیر المومنین علی علیہ السلام جیسی عظیم شخصیت بھی 25 سال تک گھر میں خاموش بیٹھی رہتی ہے۔

شیعہ علما کونسل کے مرکزی نائب صدر علامہ مظہر عباس علوی نے احادیث نبوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ مینارہ ہدایت اور کشتی نجات ہیں، جنہوں نے تعلیمات انبیاؑ اور دین مبین اسلام کا تحفظ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس او ملت تشیع کی قومی طلبہ تنظیم ہے، جو علامہ ساجد علی نقوی کی سرپرستی اور علما کی رہنمائی میں اخلاقی، علمی اور اسلامی تربیت کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ شیعہ علما کونسل کے رہنما حافظ کاظم رضا نقوی نے کہا کہ حسینیت کا پرچم بلند رکھنے کیلئے عزاداروں نے قربانیاں دیں، آئندہ بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے جے ایس او کو قوم کے ماتھے کا جھومر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نمائندہ ولی فقیہہ علامہ ساجد علی نقوی کے باوفا سپاہیوں کا قافلہ ہے۔ جعفریہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر وفا عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ کربلا دنیا و آخرت میں صراط مستقیم کی ضمانت عطا کرتی ہے، نوجوان تحریک کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے امام زمانہ حضرت مہدی علیہ السلام کے سپاہی بننے کا عزم کر چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button