مقبوضہ فلسطین

“عیسائی اور مسلمان مل کر مقدسات کے خلاف صہیونی یلغار کا مقابلہ کریں گے”

فلسطین کے سرکردہ عیسائی پادری اوررومن آرتھوڈوکس فرقے کے بشپ عطاء اللہ حنا نے مسجد اقصیٰ اسرائیلی فوجیوں کی یلغار اور فلسطینی نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ پرحملے مسیحی مقدسات پرحملوں کے مترادف ہیں۔ فلسطین کے مسلمان اور عیسائی مل کر صہیونی یلغار کا مقابلہ کریں گے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عیسائی پادری بشپ عطاء اللہ حنا نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز بیت المقدس میں اسپتالوں میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی عیادت کے دوران کیا۔ انہوں نے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی اور گھروں کو واپسی کی دعا کی۔المقاصد اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کےبعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بشپ عطاء اللہ حنا کا کہنا تھا کہ مقدس مقامات کی بے حرمتی کا سامنا صرف فلسطینی مسلمانوں کو نہیں بلکہ فلسطین کی عیسائی برادری بھی صہیونیوں کی منظم سازشوں کا برابر سامنا کررہی ہے۔ مسلمانوں کے قبلہ اول پر صہیونی فوج کے حملے عیسائی عبادت گاہوں پرحملوں کے مترادف ہیں۔ فلسطین کے عیسائی اور مسلمان مل کرمقدسات کے دفاع کے لیے صہیونی یلغار کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے مقدسات ہمارے مقدسات ہیں۔ فلسطین کے مسلمان اور عیسائی ایک ہی زنجیر کی کڑیاں ہیں اور مل کر مقدس مقامات کا دفاع کریں گے۔عیسائی پادری نے فلسطینی شہریوں بالخصوص بیت المقدس کے مسلمانوں اور عیسائیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی پیدا کریں اور مل کر صہیونی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے عیسائی اور مسلمان بھائی بھائی ہیں اور وہ کبھی ایک دوسرے کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button