یمن

یمنی مزدوروں کا سعودی جارحیت کے خلاف مظاہرہ

المیادین ٹی وی کی جمعرات کی رپورٹ کے مطابق شمالی یمن میں واقع صوبۂ عمران کی سیمنٹ فیکٹری کے مزدوروں نے صنعا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے آل سعود کے لڑاکا طیاروں کی بمباری کے خلاف جلوس نکالا۔ آل سعود کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں صوبۂ عمران کی سیمنٹ فیکٹری تباہ ہو گئی ہے۔ مظاہرہ کرنے والے یمنی مزدوروں کا کہنا تھا کہ سیمنٹ فیکٹری کا انہدام یمنی عوام کے ساتھ سعودی عرب کے حکام کی دشمنی کی علامت ہے کیونکہ اس فیکٹری کا یمن کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ فیکٹری یمن کی کسی شخصیت کی ملکیت ہے۔ ان مزدوروں کا مزید کہنا تھا کہ آل سعود کے لڑاکا طیارے جان بوجھ کر یمنی عوام کے ذرائع آمدنی کو نشانہ بناتے ہیں۔ واضح رہے کہ عمران سیمنٹ فیکٹری پر سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں کے حملوں کی وجہ سے اس فیکٹری کے سیکڑوں مزدور بےروزگار ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب نے یمن کے رہائشی علاقوں پر بمباری اور یمنی عوام کے گھروں کو تباہ کرنے کے علاوہ اس ملک کے مختلف علاقوں منجملہ تعز، لحج اور عمران صوبوں میں بنیادی تنصیبات اور فیکٹریوں خصوصا سیمنٹ کی متعدد فیکٹریوں کو تباہ کر دیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button