یمن

یمن میں انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے

یمن کی وزارت صحت نے، اپنے ملک میں انسانی المیہ رونما ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے-
العالم کی رپورٹ کے مطابق یمن کی وزارت صحت نے بدھ کے روز ایک بیان میں یمن میں انسانی المیہ رونما ہونے کے بارے میں خبردار کیا ہے- یمن میں حفظان صحت کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور علاج معالجے کے لئے ضروری وسائل کی عدم فراہمی، اس ملک کے گیارہ صوبوں میں مریضوں اور زخمیوں کے علاج میں رکاوٹ کا باعث بنی ہے- یمن کی وزارت صحت نے اس بیان میں کہا ہے کہ یمن کا برّی، فضائی اور بحری محاصرہ جاری رہنے کے سبب اس ملک میں طبی وسائل اور دوائیں نہیں پہنچ رہی ہیں اور توانائی کے ذرائع بجلی اور تیل کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے- یمن کی وزارت صحت نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ یمن پر حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹے اور یمن کے عوام کی مدد کے ذریعے انسانی المیے کی روک تھام کرے- یمن سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ رواں عیسوی ماہ کے ابتدائی دس دنوں میں یمن پر سعودی حکومت کے حملوں اور جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم ایک سو بیالیس عام شہری شہید ہوئے ہیں جن میں چھتیس بچے اور ستائیس خواتین شامل ہیں جبکہ دو سو بیالیس افراد زخمی ہوئے ہیں-

متعلقہ مضامین

Back to top button