مقبوضہ فلسطین

غزہ کی سرحد پر مصری فوج کی فائرنگ سے فلسطینی شہید، تین گرفتار

شیعیت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی سے متصل سرحد مصری فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی نوجوان شہید اور تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

صحیفہ المنار کے مطابق غزہ وزارت داخلہ کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح کے مشرق میں پیش آیا۔ سرحد کے قریب موجود فلسطینیوں پر مصری فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سترہ سالہ زکی الھوبی موقع پر شہید اور تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زکی الھوبی غزہ کی سرحد سے کافی دور تھا تاہم مصری فوج کی فائرنگ سے گولیاں اس کی پیٹھ میں لگیں جس کے نتیجے میں اس کی شہادت واقع ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق مصری فوج نے سرحد کے قریب دراندازی کرکے تین فلسطینیوں کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔

خیال رہے کہ چند ہی ہفتے قبل جنوبی غزہ میں ساحل سمندر کے قریب ماہی گیری کرنے والے ایک فلسطینی کو بھی مصری فوج نے گولیاں مار کر اس وقت شہید کردیا تھا جب وہ فلسطینی سمندری حدود میں مچھلیوں کا شکار کررہا تھا۔

دوسری جانب فلسطینی وزارت داخلہ نے غزہ کی سرحد پر مصری فوج کے ہاتھوں فلسطینی لڑکے کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مصر سے سخت احتجاج کیا ہے اور واقعے کی فوری انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button