پاکستان

شیعہ علماء کونسل اور پاکستان مسلم لیگ نون کے درمیان گلگت بلتستان میں انتخابی اتحاد کا امکان

شیعہ علماء کونسل یا تحریک جعفریہ پاکستان کا گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نون کے ساتھ اتحاد کا امکان واضح ہوتا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کی تحریک جعفریہ کی اہم شخصیات سے ملاقات ہوئی ہے جس میں گلگت بلتستان کے الیکشن کے حوالے سے اتحاد اور دیگر اہم موضوعات پر گفتگو ہوئی ہے۔ اہم ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان کی گورنرشپ بھی تحریک جعفریہ پاکستان کے رہنما و سابق صوبائی وزیر دیدار علی کو ملنے کا امکان ہے۔ میاں محمد نواز شریف کے ساتھ تحریک جعفریہ کی اہم شخصیات کی خفیہ ملاقات میں کسی بات پر حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک جعفریہ پاکستان گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں اسی صورت میں پاکستان مسلم لیگ نون کے ساتھ اتحاد کرسکتی ہے، اگر انہیں گورنر کا عہدہ دیا جائے۔ اس سلسلے میں اسلام ٹائمز کے نمائندہ نے تحریک جعفریہ بلتستان کے رہنماء یوسف اخونزادہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس خبر کی تصدیق کرنے سے انکار کیا اور واضح کیا کہ فی الحال مسلم لیگ نون کے ساتھ اتحاد کی کوئی صورت بنتی نظر نہیں آرہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فیصلوں میں بھی ترمیم یقینی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button