پاکستان

ڈرون حملے میں القاعدہ رہنما عمرفاروق واصل جہنم

شمالی وزیرستان میں طالبان رہنما حافظ گل بہادر کے ٹھکانے پر بمباری کے نتیجے میں 30؍ جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاع پر دتہ خیل کے گاؤں مٹرہ پنگہ اور مزدک کو نشانہ بنایا گیا جہاں حافظ گل بہادر اور نائب مولوی صادق نور موجود تھے، سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ ابھی یہ تصدیق نہیں کی جاسکتی کہ دونوں اس کارروائی میں مارے گئے ہیں ۔ ادھر دتہ خیل کے علاقے تیت نرائی میں فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ رہنما عمر فاروق عرف استاد فاروق سمیت 6؍ افراد ہلاک اور 3؍ زخمی ہوگئے ، غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے دتہ خیل کے علاقے خڑ تنگی میں ایک گھر پر پے در پے 2میزائل داغے جو شدت پسندوں کے زیر استعمال تھا، میزائل حملوں سے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو پاکستانی حدود میںکوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ آن لائن کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے میدا ن میں دہشت گرد وں کے سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملے میں 3؍ سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 10؍ دہشت گرد مارے گئے۔تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے مختلف علاقوں مزدک ،مڑہ پنگہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری سےشدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔جس میں سرکاری ذرائع کے مطابق 30شدت پسند ہلاک ہو گئے۔بمباری رات8بجے کے قریب کی گئی جو کہ 30؍ منٹ تک جاری رہی ۔ شدت پسندوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔یہ علاقے پاک افغان بارڈر پر واقع ہیں ۔فوجی حکام کے مطابق گل بہادر اور ان کے نائب مولوی صادق نور کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاعات پر دتہ خیل کے گاؤں مزدک اور مٹرہ پنگہ میں بمباری کی گئی ۔ دونوں لیڈر ایک تیسرے سینئر کمانڈر کے ساتھ وہاں موجود تھے ۔ حکام نے بتایا کہ علاقہ بہت دور ہے اور جنگجوؤں نے بھی خاموشی اختیار کررکھی ہے اور ایک دوسرے سے کوئی رابطہ نہیں کررہے اس لئے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں سیکورٹی فورسز کا سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکہ ہو گیا، سرکاری ذرائع کے مطابق بارودی مواد پھٹنے سے ایک سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک سنیئر کما نڈر سمیت 6شدت پسند ہلاک جبکہ متعد د زخمی ہو گئے۔حملے میں دہشت گردوں کا اہم کمانڈرعمر فاروق عرف استاد فاروق مارا گیا۔ سرکار ی ذرائع کے مطابق امریکی جاسوس طیارے نے گزشتہ صبح شمالی وزیرستان کی تحصیل دتہ خیل کے سرحدی علاقے خڑ تنگی میں شدت پشندوں کے ایک گھر پر 2 میزائل داغے جس کے نتیجے میں گھر میں موجود ایک سنیئر کمانڈر استاد فاروق سمیت6 شدت پسند ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے حملے کے نتیجے میں شدت پسندوں کا گھر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق شدت پسند اس گھر کو شدت پسند کاروائیوں کے لئے مرکز کے طور پر استعمال کر تے تھے ۔ امریکی ڈرون حملے کے بعد بھی علاقے میں امریکی جاسوس طیاروں کی نچلی سطح پر پروازوں کا سلسلہ جار ی رہا۔ ادھرعسکری ذرائع نے کہا ہے کہ اتوار کے روز پاکستانی حدود میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا ، اس حوالے سے میڈیا رپورٹس بے بنیاد ہیں ۔دریں اثناء وزارت خارجہ نے بھی ایسی خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button