پاکستان

دہشتگرد ہمارے دل سے عشق رسول (ص) ختم نہیں کرسکتے، ثروت اعجاز قادری

sarwet4پاکستان سنی تحریک کے قائد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمارے دل سے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ختم نہیں کرسکتے۔ ثروت اعجاز قادری کی زیر قیادت سنی تحریک کے زیراہتمام عید میلادالنبی کا مرکزی جلوس نکالا گیا۔ جلوس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ لوگوں کو معلوم ہے کہ یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے، مگر اس کے باوجود یہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں، ہم فسادی نہیں میلادی ہیں اور یہ بات باور کرانا چاہتے ہیں، ہم ان صحابہ کرام کے نام کو زندہ کرنے آئے ہیں جنہوں نے مصائب کے باوجود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام لینا نہ چھوڑا، اس جلوس میں مائیں، بہنیں اور بچے موجود ہیں جو کہ یکجہتی کا ثبوت دے رہے ہیں، جلوس میں نشتر پارک دھماکے کے تمام شہداء کے بچے بھی موجود ہیں، دہشت گرد کبھی عشق مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کے نام لیواؤں کو ختم نہیں کرسکتے۔

ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر میں جاری دہشت گردی کے باوجود عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا سمندر یہاں موجود ہے، میلاد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، خواتین اور بچوں کا درود پڑھنا سلامتی کا پیغام ہے، ہم رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا نظام لانا چاہتے ہیں، اسی لئے ہمیں نشانہ بنایا جاتا ہے، ہمارا نظریہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم پر جان قربان کرنا، اہل بیت (ع) کا نام بلند کرنا اور مزارات کی حفاظت کرنا ہے، سازشوں اور منافقت کے باوجود پاکستان سنی تحریک زندہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، آج بھی ہم جنازے اٹھاتے ہیں، ممتاز قادری سے ملنے کیلئے لوگ بڑی تعداد میں آئے، میں بھی موجود تھا، جب امریکہ اپنے بندے کو ملک سے لے جاسکتا ہے تو ممتاز قادری کو نہیں نکالا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی آئی ڈی افسر چوہدری اسلم اور ہنگو میں شہید ہونے والے نوجوان طالبعلم اعتزاز حسن کو سلام پیش کرتے ہیں، ان لوگوں کو ولی بابر، پولیس اور رینجرز کے شہید اہل کاروں سمیت دیگر شہید ہونے والے نوجوان نظر نہیں آتے، وزیر اعلٰی سندھ اور وزیر بلدیات سے کہوں گا کہ سندھ سیکریٹریٹ کی بلڈنگ نہ سجنے اور سی این جی بند کرنے کا نوٹس لیں۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ وزیراعظم کو ایک خط لکھا ہے جس میں 5 دہشت گردوں کے نام بھیجیے ہیں، جن 5 لوگوں کا نام بھیجا ہے وزیراعظم ان سے ہی مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ رہنما سنی تحریک شاہد غوری نے جلوس کے اختتام کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو لگام دی جائے، تاکہ پاکستان میں امن و امان ہو، شاہد غوری نے مزید کہا کہ پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے ورنہ دہشت گردوں سے خود نمٹنا جانتے ہیں، انشاءاللہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے ہم اپنی جان کا نذرانہ بھی دیں گے، شاہ لطیف ٹاوٴن سے آنے والے جلوس پر حملہ کیا گیا جس کا نوٹس لیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button