پاکستان

طالبان سے مذاکرات بھی مشکل ہیں اور ان کیخلاف آپریشن بھی، چوہدری نثار

ch nisar1وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ طالبان سے مذاکرات آج بھی حکومت کی پہلی ترجیح ہے، جو گروپس بات کرنا چاہیں، دل و جان سے کریں گے، جن گروپس نے جواب گولی سے دیا ان سے جنگ کریں گے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی طالبان کے مختلف گروپس سے بات چیت حساس مرحلے میں ہے، امید ہے بہتر نتائج نکلیں گے۔ پرویز مشرف کی علالت پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ عدالت جاتے ہوئے پرویز مشرف کو واقعی مسئلہ ہوا تھا، پرویز مشرف کی اے ایف آئی سے روانگی کا علم وہاں کی انتظامیہ کو بھی نہیں تھا، پرویز مشرف کے اے ایف آئی سی جانے کے بعد وہاں آرمی تعینات ہوئی، پرویز مشرف کی عدالت کی بجائے اے ایف آئی سے روانگی کا علم اسی وقت ہوگیا تھا۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے دورہ پاکستان میں پرویز مشرف کا ذکر تک نہیں کیا بلکہ سعودی وزیر خارجہ نے ایک غیر رسمی ملاقات میں پرویز مشرف سے متعلق معلومات حاصل کی تھیں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ صہبا پرویز مشرف نے اپنے شوہر کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے درخواست دی تھی، سابق صدر کا نام سپریم کورٹ کی ہدایت اور ایف آئی اے کی سفارش پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا، وزارت داخلہ نے صہبا پرویز مشرف کی درخواست قبول نہیں کی۔ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف انتہائی اہم غداری کیس زیر سماعت ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے انکشاف کیا کہ پرویز مشرف کی طبیعت خراب ہونے پر پولیس نے انھیں پمز اور پولی کلینک شفا انٹرنیشنل لے جانے کی پیش کش کی، تاہم پرویز مشرف نے پولیس کی پیش کش کو رد کرتے ہوئے اے ایف آئی سی جانے کو ترجیح دی۔ طالبان ایسی قوت ہے جن سے مذاکرات بھی مشکل ہیں اور آپریشن بھی۔ نادرا بورڈ قائم مقام چیئرمین کا تقرر کر دے گا۔ نادرا کے نئے چیئرمین کا تقرر صاف شفاف طریقے سے بذریعہ اشتہار کیا جائے گا۔ نادرا میں گذشتہ 5 سالوں کے دوران 8 ہزار بھرتیاں کی گئیں، نادرا کے حسابات کا مکمل غیر جانبدارانہ آڈٹ کرائیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا عمل ناکام بنانے کے لیے غیر ملکی طاقت ڈرون حملے کر رہی ہے۔ مختلف گروپوں سے مذاکرات کا عمل جاری ہے، نتائج چند روز میں سامنے آجائیں گے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ چوہدری اسلم پر حملہ کرنے والا دہشتگرد کئی سال سے کراچی میں مقیم تھا۔ حملے کی زیادہ تشہیر نہیں چاہتا، تحقیقات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی طبیعت گاڑی میں ہی خراب ہوئی، کسی نے باہر سے گاڑی موڑنے کا حکم نہیں دیا۔ اے ایف آئی سی جانے کا فیصلہ پرویز مشرف نے خود کیا، جس سے وہاں کے حکام بھی آگاہ نہیں تھے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ ایف آئی اے کی درخواست پر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، صہبا مشرف نے ای سی ایل سے نام خارج کرنے کی درخواست کی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button