جمعہ، علی عبداللہ صالح کے اقتدار کا آخری دن، سیف وشلی

یمن کی ڈیموکریٹک پارٹی کے سیکرٹری جنرل سیف وشلی نے عوام سے آئندہ جمعہ کے روز لاکھوں کی تعداد میں مظاہروں میں شرکت کرنے کی اپیل کرتے ہوئے اس دن کو علی عبداللہ صالح کے لیے فیصلہ کن دن قرار دیا ہے۔ادھر یمن کے شہر عدن میں جھڑپوں کے دوران ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ مظاہرین یمن میں تینتیس سال سے برسراقتدار ڈکٹیٹر علی عبداللہ صالح کی برطرفی کا مطالبہ کر رہے تھے۔
دوسری جانب یمن کی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے نمائندے عوامی تحریک میں شامل ہو گئے ہیں۔
ان نمائندوں نے عوامی احتجاجی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہتھیاروں کی دھمکی کے سائے میں حکمران جماعت کے ساتھ مذاکرات نہیں کیے جا سکتے۔ ان نمائندوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ نوجوانوں کے ساتھ مل کر ظلم اور بدعنوانی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے۔








