لبنان استقامت کا مرکز اور دنیا بھر کے انصاف اور حریت پسندوں کیلئے باعث فخر ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے لبنان کو استقامت اور اس خطے کی اقوام سمیت، دنیا بھر کے انصاف اور حریت پسندوں کے لئے باعث فخر قرار دیا ہے، ایرانی صدر نے ہفتے کے دن ایران کے جنوب مغربی شہر دزفول میں "مھر استقامت” نامی عالمی اجلاس کے نام اپنے پیغام میں تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ لبنان صہیونی ریاست کے سامنے استقامت کا مرکز اور دنیا بھر کے انصاف اور حریت پسندوں کا محور ہے۔ اجلاس کے نام ایرانی صدر کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایران اور لبنان کی اقوام ایک دوسرے کی ہمدرد، تسلط پسندی کے خلاف ایک دوسرے کے شانہ بہ شانہ، دنیا کی دیگر تمام اقوام کے لئے عدل و انصاف کی آواز، اور غاصبانہ قبضے، ظلم و جور اور عالمی طاقتوں کی منہ زوری کے خلاف ہیں۔
ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے اپنے اس پیغام میں اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران، لبنان کی ترقی کے لئے اس کے ساتھ مشترکہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا کہا ہے کہ مشترکہ تاریخی اور ثقافتی اقدار سے استفادہ کرتے ہوئے اتحاد، ہمدلی، استقامت کا جذبہ مضبوط کرنے اور انسانی مقاصد کے حصول نیز توحید و عدالت کی حکمرانی کے قیام کے لئے ضروری ماحول فراہم کیا جائے۔ واضح رہے کہ مھر استقامت کے زيرعنوان عالمی اجلاس جنوب مغربی ایران کے شہر دزفول میں ہفتے کے دن منعقد ہوا۔








