غزہ میں نیا اسرائیلی حملہ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے: حماس
شیعیت نیوز : اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں الحولی خاندان کے گھر پر کیا گیا نیا حملہ ایک سنگین اور کھلی خلاف ورزی ہے، جو جنگ بندی معاہدے کی مسلسل پامالی کو ثابت کرتا ہے۔
حماس نے زور دیا کہ اسرائیل نہ صرف اس معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا بلکہ دانستہ طور پر اسے سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، تاکہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف دوبارہ نسل کش جنگ کا آغاز کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : انصار اللہ صومالی لینڈ میں اسرائیلی موجودگی کو نشانہ بنانے کیلئے تیار ہے: عبدالملک الحوثی
جمعرات کی شام جاری کردہ بیان میں حماس نے واضح کیا کہ یہ گھناؤنا جرم اور غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں جاری مسلسل جارحیت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ جنگی مجرم بنیامین نیتن یاہو جنگ بندی معاہدے کو حقیر جانتا ہے، جو امریکی سرپرستی اور ثالثوں کی ضمانت کے تحت طے پایا تھا۔
حماس نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کا پابند بنایا جائے اور اس کی تمام شقوں پر مکمل طور پر عمل کرایا جائے، جس میں معاہدے کے دوسرے مرحلے میں منتقلی بھی شامل ہے۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اس جرم اور دیگر تمام جرائم کی واضح مذمت ناگزیر ہے، اور ثالثوں کو مؤثر اور عملی کردار ادا کرتے ہوئے اسرائیل کو معاہدے کا احترام کرنے پر مجبور کرنا چاہیے، نیز اسے جنگ بندی ناکام بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
میدانی صورتحال کے تناظر میں بتایا گیا کہ جمعرات کے روز اسرائیل کی بمباری اور فائرنگ کے نتیجے میں وسطی اور جنوبی غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں سات فلسطینی شہید اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔







