اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

حماس قیادت کا سانحہ پشاور پر پاکستانی قوم سے اظہارِ یکجہتی

شیعیت نیوز: فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے نمائندہ ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ حماس قیادت کوچہ رسالدار پشاور کے المناک سانحہ پر پاکستانی قوم سے تسلیت و تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔

ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ پرامن شہریوں کا قتل یا کسی مخصوص فرقہ کی نسل کشی ایک غیر انسانی فعل ہے، سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداء کا لہو عالمِ اسلام کا لہو ہے۔ جن انسان نما درندوں نے یہ قبیح فعل انجام دیا ہے، وہ مسلمان نہیں بلکہ کفر اور اسلام دشمن قوتوں کے نمائندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حماس قیادت شہدائے مسجد و امام بارگاہ کوچہ رسالدار کے خانوادوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور شہداء کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہے۔

یہ بھی پڑھیں : علامہ شیخ انور علی نجفی کی جامعتہ الکوثرکے وفدکے ہمراہ خانوادہ شہدائے پشاور اور زخمیوں سے ملاقات

ڈاکٹر خالد قدومی نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ پاکستان کے مسلمانوں کی صفوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے اور فرقہ وارانہ جذبات کو ہوا دینے کے لئے استعماری و طاغوتی طاقتوں کا بہیمانہ و وحشیانہ اقدام ہے، جو کسی بھی انسان کے لئے قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ تشیع اور تسنن اسلام کے دو بازو ہیں، یہ مشرکین، الحادی قوتوں اور طاغوتی حکمرانوں کی سازش ہے کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں سے دونوں مکاتب فکر کو آپس میں دست و گریباں کریں۔ امتِ مسلمہ نے اپنی مشترکہ قوت کے ذریعہ ان سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔

ڈاکٹر خالد قدومی نے فلسطینی اتھارٹی اور حماس کی طرف سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے عنقریب پاکستان کے دورے کی نوید بھی سنائی، تاکہ فلسطینی و پاکستانی مسلمانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے حوالہ سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور مل کر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button