ولادیمیر پوتن نے یوکرین کے سامنے جنگ بندی کی شرط رکھ دی
شیعیت نیوز: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے اتوار کو اپنے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان سے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کو روکنے کے لئے کی ایف کو جنگ بند کرنی پڑے گی اور ماسکو کی سبھی شرطوں کو قبول کرنا ہوگا۔
لادیمیر پوتن نے اردوغان کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ یوکرین میں روس کا اسپیشل آپریشن اسی وقت رک سکتا ہے جب کی ایف حملے بند کرے اور روس کے مطالبات پورے کرے۔
کرملن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ترک صدر رجب طیب اردوغان کو یوکرنی فریق کے ساتھ مذاکرات کی یقین دہانی کروائی ہے۔
اس کے ساتھ پوتن نے خبردار بھی کیا کہ اگر یوکرین نے مذاکرات کو اپنی فوج کو دوبارہ منظم کرنے کے موقع کے طور پر استعمال کیا تو اس کا برا انجام ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ بحرین میں انسانی حقوق کے مسئلہ پر توجہہ دے، ایمنسٹی انٹرنیشنل
دوسری جانب روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین میں روسی کے فوجی اقدامات شروع ہونے سے پہلے امریکہ، برطانیہ اور امریکہ کے اتحادی ممالک کے 50 سے زائد طیارے اسلحے اور فوجی ساز و سامان لے کر یوکرین اترے تھے۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اسپوتنک کے حوالے سے فارس نیوز ایجنسی نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، پولینڈ، لیتھوانیا اور امریکہ کے دوسرے اتحادی ممالک کے یوکرین میں روس کے خصوصی آپریشن سے پہلے 50 سے زائد فوجی طیارے فوجی ساز و سامان اور اسلحہ جات لے کر اترے۔
روس کی وزارت خارجہ نے کہا کہ صرف گزشتہ مہینے تقریبا دو ہزار ٹن پیشرفتہ ہتھیار اور فوجی ساز و سامان یوکرین بھیجے گئے ہیں اور صرف برطانیہ نے ہی تنہا دو ہزار اینٹی ٹینک میزائل اور ہتھیار یوکرین بھیجے ہیں۔
اس سے پہلے اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ دی تھی کہ امریکہ نے 2021 کے دسمبر سے سیکڑوں ملین ڈالر کی فوجی امداد یوکرین بھیجی ہے۔







