حکومت پی ایس ایل کروا سکتی ہے تو مجالس عزا کیوں ممکن نہیں شیعہ علما کونسل
شیعت نیوز (لاہور)شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے سکیورٹی کے نام پر طے شدہ مجالس عزا کے انعقاد پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عزاداری سیدا لشہدا پر کسی بھی قسم کی رکاوٹ قبول نہیں کی جائے گی۔ اس حوالے سے پہلے بھی قربانیاں دی تھیں، آئندہ بھی دریغ نہیں کریں گے۔مگر مذہبی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔میڈیا و نگ کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان، خانیوال، ملتان اور دیگر اضلاع میں ضلعی انتظامیہ سکیورٹی خدشہ کے نام پر بانیان کو مجالس عزا کے انعقاد سے منع کررہی ہے، جسے مسترد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجالس عزا کے انعقاد میں کوئی بہانہ قبول نہیں کریں گے، شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اگر حکومت سکیورٹی کا انتظام کرکے پی ایس ایل کا فائنل میچ قذافی سٹیڈیم میں کروا کر دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا سکتی ہے تو مجالس عزا کا انعقاد کیوں ممکن نہیں۔ شیعہ علما کونسل کے صوبائی صدر نے خبر دار کیا ہے کہ شیعہ علما کونسل کے قائد علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان کے مطابق مجالس عزا ہر صورت منعقد ہوں گی، اس موقف سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، چاہے جتنی بھی قربانیاں دینی پڑیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت دہشت گردی کا سد باب کرے، جی ایچ کیو، پولیس لائنز، مزارات، تعلیمی اداروں اور مارکیٹوں پر حملے ہوچکے ہیں۔تو کیا ان کو بند کردیا جائے، ایسا ہرگز نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ حکومت ایجنڈے کے تحت عزاداری کو محدود کرنے کی سازش کرنا چاہتی ہے، جس میں کسی صورت کامیاب نہیں ہوسکے گی۔کیونکہ ایک حسینی بھی زندہ رہا تو عزاداری جاری رہے گی۔