صرف ایک وحشی تہذیب ہی اپنے سب سے بھاری بم کو ’ماں‘ کا نام دے سکتی ہے، ترجمان سپاہ پاسداران
حسین محبی
شیعیت نیوز : سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو ’تمام بموں کی ماں‘ کہلانے والے بم سے ڈرانے کی کوشش پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف ایک وحشی تہذیب ہی ’ماں‘ جیسے مقدس لفظ کو اپنے سب سے بھاری اور تباہ کن بم کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ہماری میزائل طاقت نے مساوات بدل دی، اب امریکہ کو ‘جی جناب’ کہنا ہوگا، ایرانی وزیر دفاع
ہفتے کے روز جاری کیے گئے اپنے پیغام میں جنرل حسین محبی نے کہا کہ مستقبل اس قوم کا ہے جو دشمن کی سب سے بڑی دھمکیوں کو گلی کوچوں کے طنز و مزاح کا موضوع بنا دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سامراجی طاقت کی دھمکیاں ایرانی قوم کے عزم کو کمزور کرنے کے بجائے خود امریکی ذہنیت کو بے نقاب کر رہی ہیں۔
ترجمان سپاہ پاسداران کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج نے ایسے حملوں کے منصوبے تیار کیے ہیں جن کے تحت صدر ٹرمپ کی جانب سے جنگی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کا حکم ملنے کی صورت میں ایران کی توانائی تنصیبات اور جوہری مراکز کے خلاف جی بی یو 43/بی بم استعمال کیا جا سکتا ہے، جو امریکی اسلحہ خانے کا سب سے بڑا غیر جوہری بم ہے۔
تاہم انہی امریکی رپورٹس کے مطابق فوجی منصوبہ بندی سے واقف امریکی حکام خود اس بارے میں شکوک کا شکار ہیں کہ آیا یہ بم امریکہ کے تزویراتی اہداف کے حصول میں کوئی مدد دے سکے گا یا نہیں۔ دوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے کمانڈروں نے ان دھمکیوں کو دشمن کی نفسیاتی جنگ کا حصہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔







