میناب اسکول پر امریکی حملے کے ذمہ داروں کو جواب دہ بنانا ہماری ذمہ داری ہے، ایرانی وزیر خارجہ
شیعیت نیوز : اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ میناب کے شجرۂ طیبہ اسکول پر امریکی حملے کے ذمہ داروں اور اس کے احکامات دینے والوں کو جواب دہ بنانا وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : روسی صدر نے جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کا موقف امریکی صدر تک پہنچا دیا، کریملن کا اعلان
ایرانی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ’’ماحولیاتی تباہی؛ خاموش جرم‘‘ کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر انہیں میناب اسکول پر حملے میں زندہ بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی کا خط موصول ہوا، جس میں اس نے اپنی سہیلیوں اور ہم جماعتوں نیایش، سوناز، باران اور زینب کو یاد کیا ہے، جو امریکی حملے میں شہید ہو گئی تھیں۔
سید عباس عراقچی کے مطابق طالبہ نے خط میں لکھا کہ وہ اس لیے زندہ بچ گئی تاکہ اپنی سہیلیوں کے بارے میں بتا سکے اور ان کی یاد زندہ رکھ سکے۔ طالبہ نے اقوام متحدہ سے سوال کیا کہ وہ اس سانحے پر اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کارروائی کیوں نہیں کرتا، اور ایرانی عوام سے اپیل کی کہ اس کی سہیلیوں کو فراموش نہ ہونے دیا جائے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ خط ان کے اور وزارت خارجہ کے ساتھیوں کے لیے محض ہمدردی کے اظہار سے بڑھ کر ایک ذمہ داری کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وزارت خارجہ کی اصل ذمہ داری حقائق کو محفوظ کرنا، اس جرم کے خلاف قانونی اور بین الاقوامی سطح پر کارروائی کرنا اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانا ہے، اور وہ فاطمہ زہرا کی آواز کو عالمی اداروں تک پہنچانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔







