ایران ہر میدان میں عراق کی مدد کرے گا

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ نے کہا ہےکہ ایران کی نظر میں عراق نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ وزارت خارجہ کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے آج تہران میں عراق کی مجلس اعلی کے رہنما اور عراق کے سابق نائب صدر عادل عبدالمھدی سے ملاقات میں علاقے بالخصوص شام کے بحرانی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نےکہا کہ شام کے خلاف جنگ کی روک تھام سے انتھا پسند اور تکفیری حلقوں کو شکست ہوئي ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور عراق ایک دوسرے سے الگ نہيں ہیں۔ انہوں نے تمام میدانوں میں عراق کی مدد کرنے پر ایران کی آمادگي ظاہر کی ۔ اس ملاقات میں عراق کےسابق نائب صدر عادل عبدالمھدی نے کہاکہ بڑی طاقتوں نے ہمیشہ بالخصوص اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اس علاقے میں تبدیلیاں لانے کی کوشش میں رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اب ایک طاقتور ملک بن گيا ہے جو عالمی سطح پر بااثر بھی ہے انہوں نے کہا کہ علاقے میں ایران کو شریک کئےبغیر کوئي اقدام کامیاب نہیں ہوسکتا۔








