ینبع میں آرامکو، شیبہ آئل فیلڈ اور ریاض ایئرپورٹ پر حملے، یمنی مسلح افواج
شیعیت نیوز : یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بیلسٹک اور کروز میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے سعودی عرب کے اندر تیل تنصیبات، ہوائی اڈوں اور فوجی ٹھکانوں کے خلاف 6 فوجی کارروائیاں انجام دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 24 گھنٹوں میں یمن پر 110 سعودی فضائی و میزائل حملے، 30 سے زائد شہری شہید و زخمی، یمنی مسلح افواج کے ترجمان
19 اکتوبر کو جاری بیان کے مطابق پہلی کارروائی میں ینبع میں آرامکو کی تنصیبات کو دو مرحلوں میں نشانہ بنایا گیا جس سے بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جبکہ دوسری کارروائی میں شیبہ آئل فیلڈ کو نشانہ بنایا گیا جہاں بھی آگ لگ گئی۔ تیسری کارروائی میں ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ کو تین مرحلوں میں نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق چوتھی کارروائی میں ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جبل الحصن اور جبل الرحمہ پر نصب سعودی ریڈار تنصیبات اور خمیس مشیط ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا، جس سے ہوائی اڈے پر فضائی آمد و رفت متاثر ہوئی اور ایئربیس کو نقصان پہنچا۔ پانچویں کارروائی میں سعودی بحری ٹاسک فورس کے کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جس میں جانی نقصان ہوا، جبکہ چھٹی کارروائی میں بئر عسکر میں نصب ایک سعودی ریڈار کو تباہ کر دیا گیا۔
یمنی مسلح افواج نے اپنی کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ دشمنی جاری رہنے کی صورت میں آئندہ حملے کہیں زیادہ وسیع اور شدید ہوں گے۔ عسکری و معاشی ماہرین کے مطابق مغربی ساحل پر ینبع سے مشرق میں شیبہ تک اور ریاض سے جنوبی محاذوں تک پھیلی ان کارروائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ یمنی افواج بیک وقت دور دراز اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں، جبکہ شیبہ آئل فیلڈ یمن سے 1700 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے پر واقع ہے۔
یمنی کارروائیاں سعودی رجیم پر بھاری قیمت عائد کر رہی ہیں اور آل سعود کے معاشی و اسٹریٹجک منصوبوں، بالخصوص ویژن 2030، کو کھوکھلا کر رہی ہیں، جس کی پوری عمارت ہوائی اڈوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ و استحکام کے دعووں پر کھڑی کی گئی تھی۔







