جیزان اور عسیر میں سعودی فوجیوں پر رجوم ڈرونز کے حملے، یمنی عسکری میڈیا
شیعیت نیوز : یمنی عسکری میڈیا نے منگل کے روز ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں جیزان اور عسیر کے سرحدی محاذوں پر سعودی فوج کے افسران، اہلکاروں اور فوجی گاڑیوں پر یمنی مسلح افواج کے حملوں کو دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مکہ و مدینہ کے سوا سعودی فضائی حدود غیر محفوظ ہے، تیل تنصیبات سے دور رہیں، یمنی فوجی ذریعہ
ویڈیو کے مطابق ان کارروائیوں میں رجوم ڈرونز کے ذریعے سعودی فوجیوں کے اجتماعات، فوجی بیرکوں، کھلے اور چھپائے گئے خیموں کے ساتھ ساتھ ساکن اور متحرک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ دشوار پہاڑی علاقے اور تیز ہواؤں کے باوجود متعدد ڈرونز نے بیک وقت مختلف اہداف کو نشانہ بنایا اور ایک ہی مورچے پر پے در پے حملے کیے۔
ویڈیو میں فوجی ساز و سامان، ٹینکوں، اسلحہ ڈپوؤں اور عقبی رسد و لاجسٹک مراکز کو پہنچنے والا نقصان اور دفاعی رکاوٹوں کو عبور کرتے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں، جبکہ چند سیکنڈ کے اندر ڈرونز سے اہداف پر بم گرائے جاتے دیکھے جا سکتے ہیں، جو ان ڈرونز کی مختلف فاصلوں پر کام کرنے اور ریڈار و الیکٹرانک جیمنگ نظام کو ناکام بنانے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ان مسلسل حملوں نے سرحدی محاذوں پر سعودی فوج کی نقل و حرکت اور اجتماعات کو درہم برہم کر دیا ہے اور اس کی پیش قدمی اور نفری جمع کرنے کی صلاحیت محدود ہو گئی ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب یمن پر سعودی فضائی جارحیت مسلسل جاری ہے۔







