ریاض محفوظ نہیں، آرامکو سے سرمایہ نکال لیں، یمنی حکومتی ترجمان
شیعیت نیوز : یمنی حکومت کے ترجمان عمر البخیتی نے کہا ہے کہ یمن اپنا دفاع جاری رکھے گا اور ناکہ بندی کے بدلے ناکہ بندی اور جارحیت کے بدلے جارحیت کی بازدارانہ مساوات پر عمل کرتے ہوئے سعودی دشمن کے فوجی اجتماعات کو جہاں بھی ہوں نشانہ بنائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : مکہ و مدینہ کے سوا سعودی فضائی حدود غیر محفوظ ہے، تیل تنصیبات سے دور رہیں، یمنی فوجی ذریعہ
انہوں نے کہا کہ یمنی عوام جارحیت کے خاتمے اور ناکہ بندی اٹھائے جانے تک مزید وسیع کارروائیوں اور زیادہ شدید حملوں کے ذریعے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ عمر البخیتی نے سعودی سرزمین کی گہرائی اور دیگر محاذوں پر یمنی مسلح افواج کی درست کارروائیوں اور بڑی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں یمنی عوام کی استقامت اور قربانیوں کا ثمر قرار دیا۔
حکومتی ترجمان نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ یمنی مسلح افواج کی وارننگز پر کان دھریں۔ انہوں نے فضائی کمپنیوں کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی فضائی حدود کے سوا سعودی فضائی حدود اور ہوائی اڈے استعمال کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ یمن اپنے دفاع کا حق استعمال کر رہا ہے، جبکہ جنگ کا آغاز، ناکہ بندی اور سابقہ معاہدوں کی خلاف ورزی سعودی رجیم نے کی ہے۔
عمر البخیتی نے سرمایہ کاروں اور آرامکو کے حصص داروں پر زور دیا کہ وہ مالی نقصان سے بچنے کے لیے اپنی سرمایہ کاری اور فنڈز نکال لیں، اور شہریوں، مسافروں اور کارکنوں سے کہا کہ وہ سعودی ہوائی اڈوں اور تیل تنصیبات سے دور رہیں کیونکہ ریاض اب محفوظ دارالحکومت نہیں رہا۔ انہوں نے سعودی حمایت یافتہ لشکروں میں بھرتی ہونے والے یمنیوں سے اپیل کی کہ وہ ان مورچوں کو چھوڑ دیں اور عام معافی سے فائدہ اٹھائیں، کیونکہ اپنے ہی یمنی بھائیوں کے خلاف جنگ یمن کی خودمختاری، آزادی اور وسائل کی قیمت پر صرف سعودی مفادات کی خدمت ہے۔
یمنی کارروائیاں آل سعود پر بھاری قیمت عائد کر رہی ہیں اور ویژن 2030 سمیت اس کے معاشی و اسٹریٹجک منصوبوں کو کھوکھلا کر رہی ہیں، جن کا سارا انحصار سعودی ہوائی اڈوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ پر ہے۔







