ڈیرہ مراد جمالی، ولادت باسعادت امام حسینؑ اور ابوالفضل العباسؑ کی مناسبت سے جشن کا انعقاد
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین ضلع نصیرآباد کی جانب سے بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کی تحصیل ڈیرہ مراد جمالی میں واقع مسجد امام صادقؑ میں ولادت باسعادت حضرت امام حسینؑ اور حضرت ابو الفضل العباسؑ کے سلسلے میں جشن و محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت علامہ مقصود علی ڈومکی اور ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی آرگنائزر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم ضلع نصیرآباد کے ضلعی صدر سید بہار علی شاہ اور صوبائی رہنماء سید عبدالقادر شاہ نے بارگاہ امامت میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔
محفل سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امام حسینؑ کائنات کے وہ نور ہیں جنہوں نے بنی نوعِ انسان کو تاریکی اور گمراہی سے نکال کر نور و ہدایت کی طرف رہنمائی کی۔ جب دنیا یزیدی ظلمت اور اندھیروں میں ڈوب چکی تھی تو فرزند رسولؐ، امام حسینؑ آفتاب ہدایت بن کر چمکے اور یزیدی ظلم، جبر اور گمراہی کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ خوف اور لالچ وہ بیماریاں ہیں جو انسان کو حق کے راستے پر چلنے اور حق کا ساتھ دینے سے روکتی ہیں۔ امام عالی مقامؑ نے کربلا میں نہ صرف یزیدی سلطنت کو عبرتناک شکست دی بلکہ ہر دور کے یزید کو شکست کا پیغام دیا۔ امام حسینؑ نے خوف کے بت توڑ کر انسانیت کو حریت، بیداری، شجاعت اور حق گوئی کا درس دیا۔
یہ بھی پڑھیں : کوئی پاکستانی تسلیم نہیں کرے گا کہ ہماری فوج کے ہاتھوں نہتے مظلوم فلسطینی عوام کا خون بہے، علامہ ناظر عباس تقوی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر کے اکثر مسلم حکمران ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے سجدہ ریز دکھائی دیتے ہیں، جبکہ حسینیت کا راستہ ظالم کے مقابل قیام اور جدوجہد کا راستہ ہے۔ وطن عزیز پاکستان میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری جرات و بہادری کے ساتھ عوام کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ڈونلڈ ٹرمپ کے نام نہاد "بورڈ آف پیس” کو دہشت گردی اور فلسطین کی مقدس سرزمین پر غاصبانہ قبضے کا بورڈ سمجھتے ہیں اور اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ نواسۂ رسولؐ، امام حسینؑ سردار جنت مینار نور و ہدایت ہیں، اور ان کے راستے پر چل کر ہی ہم عصر حاضر کے یزیدوں کو شکست دے سکتے ہیں۔ دوش رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوار امام حسینؑ کو پیغمبر اسلام نے ہدایت کا چراغ اور کشتی نجات قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی نام نہاد امن بورڈ میں شمولیت کے خلاف اور تحریک آزادیٔ فلسطین کی حمایت میں پرجوش نعرے لگائے گئے۔







