گل پلازہ کراچی سانحہ حکومتی نااہلی اور ناقص سیفٹی نظام کا واضح ثبوت ہے، علامہ شبیر میثمی
شیعیت نیوز: مرکزی جنرل سیکرٹری شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کراچی کے گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔ انہوں نے واقعے میں جھلسنے اور زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
علامہ شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، یہ سانحہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ برسوں سے جاری حکومتی غفلت، ناقص منصوبہ بندی اور تباہ حال شہری ڈھانچے کا شاخسانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان سے پہلے بھی اپیل کی جا چکی ہے کہ ’’میرے کراچی کو بچا لیں‘‘، مگر افسوس کہ شہر قائد کا پورا بنیادی ڈھانچہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ عمارتوں میں سیفٹی کٹس کا نہ ہونا، فائر بریگیڈ کی شدید کمی، آگ کی بلندی تک رسائی نہ ہونا اور بروقت ریسکیو آپریشن شروع نہ ہونا ایسے عوامل ہیں جو جانی و مالی نقصان میں کئی گنا اضافہ کر دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سربراہ ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصرعباس پی ٹی آئی حمایت سے قائد حزب اختلاف سینیٹ مقرر
ان کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک میں سالہا سال سے ایک جیسی چلی آ رہی ہے، سڑکوں اور ہیوی ڈمپرز پر سینکڑوں معصوم شہریوں کی جانیں جا چکی ہیں، مخدوش صورتحال ہے ایک بارش سے پوری اصلیت عیاں ہو جاتی ہے، بھتہ مافیا اور لوٹ مار الگ سے شہر کو کھا رہے ہیں۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جہاں بھی ملک میں آگ لگتی ہے، وہاں عوام کو شدید تباہی اور ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ حکومتی سطح پر صرف بیانات نظر آتے ہیں، کوئی واضح حکمت عملی یا عملی اقدامات دکھائی نہیں دیتے۔
علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ خدارا سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور ایسے مؤثر اقدامات کریں جن سے مستقبل میں اس قسم کے اندوہناک واقعات کا سدباب ہو سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ بڑے پیمانے پر آگ پر قابو پانے کے لیے جدید، تیز رفتار اور مؤثر فائر فائٹنگ آلات ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں فوری طور پر فراہم کیے جائیں، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔







