جماعت اسلامی کراچی کا ایرانی قونصل خانے کا دورہ، امریکی مداخلت کی مذمت

16 جنوری, 2026 19:37

شیعیت نیوز : جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان ایک وفد کے ہمراہ کراچی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے تشریف لائے اور کراچی میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ سے ملاقات کی۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے ایرانی قونصل جنرل کو کراچی میں تعیناتی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایران کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں : تحریک تحفظِ آئین پاکستان کا سندھ میں تین روزہ سیاسی دورہ شروع

کراچی میں تعینات ایران کے قونصل جنرل اکبر عیسیٰ زادہ نے کہا کہ اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ ایران کے خلاف امریکا اور مغربی ممالک کی جانب سے عالمی پابندیوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث مہنگائی میں اضافہ ہوا اور پُرامن احتجاجی مظاہرے دیکھنے کو ملے۔ انہوں نے کہا کہ ان احتجاجی مظاہروں میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے باوجود ایران کی سیکیورٹی فورسز نے بخوبی صورتحال پر قابو پا لیا۔

ایرانی قونصل جنرل نے ایران اور پاکستان کی حکومتوں اور عوام کے مابین دوستی اور بھائی چارے، اسلامی معاشروں میں یکجہتی کی ضرورت اور کراچی میں جماعت اسلامی کی جامع سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے ثقافتی اور اقتصادی میدان میں مشترکہ سرگرمیوں کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔

اس موقع پر منعم ظفر خان نے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہر اچھے اور برے وقت میں ایران کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کی ایک اہم خصوصیت، جس نے پاکستان کے نوجوان طبقے میں ایران سے محبت کو مزید تقویت دی ہے، یہ ہے کہ ایران نے حماس اور مزاحمتی تحریکوں کی مسلسل حمایت کے ذریعے امتِ واحدہ کے تصور کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے میدان میں جماعت اسلامی کے چند نمایاں اقدامات کا بھی ذکر کیا۔

7:42 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top