تحریک تحفظِ آئین پاکستان کا سندھ میں تین روزہ سیاسی دورہ شروع
شیعیت نیوز : تحریک تحفظِ آئین پاکستان کا سندھ کا تین روزہ دورہ شروع ہو گیا ہے۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مطابق محمود خان اچکزئی کی قیادت میں وفد سندھ کے دورے پر روانہ ہو گیا ہے، جس میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور اسد قیصر بھی شامل ہیں۔
تحریک تحفظِ آئین کا کہنا ہے کہ 8 فروری کے ملک گیر احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں سندھ کا یہ دورہ کیا جا رہا ہے۔ تحریک کی قیادت کراچی سمیت اندرونِ سندھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گی اور عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ ایران کو کمزور کرنے کی سازش میں ناکام ہو چکا ہے، علامہ شبیر حسن میثمی
دورے کے دوران اپوزیشن قائدین سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے، جبکہ کراچی بار ایسوسی ایشن میں بھی خطاب کا شیڈول طے ہے۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی اور پیشہ ورانہ حلقوں سے ملاقاتیں، سندھ کے عوام سے براہِ راست رابطہ اور میڈیا سے گفتگو بھی دورے کے شیڈول میں شامل ہے۔
تحریک تحفظِ آئین پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار کے تحفظ اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور عوام کو بھرپور انداز میں متحرک کیا جائے گا۔







