امریکہ ایران کو کمزور کرنے کی سازش میں ناکام ہو چکا ہے، علامہ شبیر حسن میثمی

15 جنوری, 2026 20:44

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا ہے کہ آج کی تاریخ یہ بتا رہی ہے کہ دنیا بھر میں بدامنی پھیلانے کے لیے شیطانی طاقتیں اپنا زور لگا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا جیسا ملک، جسے تمدن کا مرکز کہا جاتا ہے، اور یورپی یونین بھی آج اپنے طرزِ عمل سے یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ وہ گزشتہ پانچ سو سال سے ظلم کی جو تاریخ لکھتے آ رہے ہیں، اسی کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ وینزویلا پر ہونے والے مظالم دیکھ لیں اور اب جمہوری اسلامی ایران کو دی جانے والی امریکی دھمکیوں کو بھی سامنے رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران میں اس وقت جو معاملات پیش آئے ہیں وہ مہنگائی کے خلاف تھے۔

انہوں نے کہا کہ رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ یہ مظاہرے ایرانی عوام کا حق ہیں، لیکن ان مظاہروں کو ایک سازش کے تحت امریکہ نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے مسلکی رنگ دینے کی کوشش کی اور مقدسات کی توہین کروائی گئی تاکہ ایران کو کمزور کیا جا سکے، مگر اس میں امریکہ ناکام ہو گیا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ مسلم دنیا کو منظم سازش کے تحت نشانہ بنا رہا ہے، بلال عباس قادری

علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ ایران کی غیور عوام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ساتھ کھڑی ہے۔ آج یہ حقیقت پوری دنیا پر عیاں ہو چکی ہے کہ ایران پوری طاقت کے ساتھ اپنے مؤقف پر قائم ہے اور کوئی بھی طاقت اسے کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کی جانب سے جمہوری اسلامی ایران کی حمایت سے مثبت اور مضبوط نتائج سامنے آئیں گے۔

6:42 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top