علامہ راجہ ناصرعباس کی ایرانی سفیر سے ملاقات، امریکہ و اسرائیل کی رجیم چینج سازشوں اور پابندیوں کی شدید مذمت
شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ سطح وفد نے چیئرمین ایم ڈبلیو ایم سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سربراہی میں جمہوری اسلامی ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔ وفد میں وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، سید ناصر عباس شیرازی، علامہ سید حسنین گردیزی، رکن قومی اسمبلی انجینئر حمید طوری، سید اسد نقوی سمیت دیگر رہنما شامل تھے۔
وفد نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وفد نے رہبرِ مسلمینِ جہاں آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای (مدظلہ العالی)، اسلامی حکومتِ ایران اور شجاع و غیور ایرانی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران پر امریکی دھمکیاں سامراجی ذہنیت کی عکاس ہیں، سابق امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق
اس موقع پر وفد نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران میں فسادات اور پرتشدد مظاہروں کی پشت پناہی، رجیم چینج کی مذموم کوششوں، حملے کی دھمکیوں اور ظالمانہ معاشی پابندیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وفد نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف عالمی سامراجی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وفد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امتِ مسلمہ ہر محاذ پر مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور خطے میں امن، خودمختاری اور مزاحمتی قوتوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔







