امریکی اقدامات دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف لے جا رہے ہیں، سرپرست جمعیت اہلحدیث پاکستان

13 جنوری, 2026 19:23

شیعیت نیوز : جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سرپرست اور اے آر ڈی کے سابق سیکرٹری جنرل قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدامات دنیا کو ایک نئی عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہے ہیں، جس کا خمیازہ پوری انسانیت کو بھگتنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ دارانہ سوچ اور طاقت کے نشے میں دھت امریکی صدر انسانیت کے خلاف اقدامات میں مصروف ہیں، انہیں اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا، ورنہ تیسری عالمی جنگ کو روکا نہیں جا سکے گا۔

لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ وینزویلا پر امریکی حملہ اور صدر نکولس مادورو کے اغواء کی کوشش بین الاقوامی اداروں اور عالمی قوانین کی کھلی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے عزائم چین اور روس کے لیے بھی اشتعال انگیز ہیں، اور اگر یہی طرزِ عمل جاری رہا تو ایک بڑی عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے، جس کا نقصان براہِ راست انسانیت اور عالمی امن کو ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف امریکی فوجی دھمکیاں ناقابلِ قبول ہیں، روس

انہوں نے مزید کہا کہ تیسری دنیا کے ممالک کو امریکی استبداد کے خلاف مشترکہ اور مؤثر لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سے ہمارا فکری اختلاف اپنی جگہ، لیکن امریکی صدر کی جانب سے ایران میں مظاہروں سے متعلق بیانات عالمی قوانین سے متصادم اور ایک خودمختار ریاست کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی صدر اپنا رویہ تبدیل کریں گے اور عالمی قوانین کو تسلیم کرنے کی عادت ڈالیں گے۔

1:03 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top