پاکستان و ایران میں میڈیا معاہدہ؛ علامہ اقبال کی زندگی پر ڈرامہ سیریز بنائے جانے کا امکان

06 نومبر, 2025 10:14

شیعیت نیوز: اسلام آباد میں پاکستان اور ایران کے درمیان نشریات، فلم، میڈیا ریگولیشن اور ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پانچ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

دستخطوں کی اس تقریب میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، ایران کے سفیر رضا امیری مقدم، ایران کے ریاستی ٹی وی چینل (آئی آر آئی بی) ورلڈ سروس کے نائب صدر احمد نوروزی، ایرانی وفد، وزارتِ اطلاعات کے سینئر افسران اور مختلف میڈیا اداروں کے نمائندے شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عراق میں دھماکہ: حشد الشعبی کا اعلیٰ عہدیدار شہید

معاہدوں پر دستخط آئی آر آئی بی اور پاکستان کے پانچ بڑے میڈیا اداروں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی)، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)، باکس آفس پرائیویٹ لمیٹڈ، سب ٹی وی نیٹ ورک، اور وی ایس ایچ ٹی وی — کے درمیان ہوئے۔ ان معاہدوں کا مقصد نشریاتی مواد، فلم سازی، تربیت اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

پی ٹی وی اور آئی آر آئی بی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت دونوں ادارے ٹی وی پروگرامز، خبریں اور ثقافتی مواد کا تبادلہ کریں گے، مشترکہ تربیتی کورسز کا انعقاد ہوگا اور دونوں ممالک کے میڈیا ایونٹس میں شرکت کو فروغ دیا جائے گا۔ یہ معاہدہ تین سال کے لیے کیا گیا ہے، جس کی مدت خود بخود بڑھائی جا سکے گی۔

پیمرا اور ایران کی ریگولیٹری اتھارٹی SATRA کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا مقصد میڈیا ریگولیشن، مواد کی نگرانی، پالیسی سازی اور تحقیق میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے، جس کے تحت مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیے جائیں گے۔

آئی آر آئی بی اور باکس آفس پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ فلمی صنعت میں تعاون کو فروغ دینے سے متعلق ہے، جس کے تحت ایران فلم سازی، ایڈیٹنگ، سیٹ ڈیزائن اور دیگر تکنیکی شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا، نیز مشترکہ فلم پروڈکشن کے منصوبوں پر بھی کام کیا جائے گا۔

آئی آر آئی بی اور سب ٹی وی نیٹ ورک کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں نشریاتی تعاون، مشترکہ پروڈکشن اور عملے کی تربیت شامل ہے، جبکہ وی ایس ایچ ٹی وی کے ساتھ شراکت عوامی سطح پر باہمی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے کی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کا میڈیا تعاون اقوام کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن کا مظہر ہے۔

انہوں نے ایرانی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صدر ایران مسعود پزشکیان کا حالیہ دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگ میل ثابت ہوا۔ صدر ایران کا مزارِ اقبال پر حاضری دینا علامہ اقبال کے پیغامِ خودی اور امتِ مسلمہ پر ان کے اثر کی علامت ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کا فلسفیانہ اور ثقافتی رشتہ علامہ اقبال، قائداعظم محمد علی جناح اور سید علی حمدانی جیسے مشترکہ رہنماؤں سے جڑا ہوا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ علامہ محمد اقبال کی زندگی اور فلسفے پر فارسی و اردو زبانوں میں ایک ڈرامہ سیریز تیار کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، جو نوجوان نسل کی فکری تربیت اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا اور ثقافتی شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو ایک نئی جہت دے گا۔

2:23 شام مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top