اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ناموس کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے؛مولانا علی انور

ہل بیت اطہار علیہم السلام کی ناموس کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حکومت پاکستان ، پاکستان سے شام جانے والے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کر کے اسلام کے مقدسات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔ مولانا علی انور جعفری ،آصف صفوی ، اور ناصر حسینی کا کھارادر میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب
کراچی( )اہل بیت اطہار علیہم السلام کی ناموس کے تحفظ کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، حکومت پاکستان ، پاکستان سے شام جانے والے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف عملی اقدامات کر کے اسلام کے مقدسات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنما ؤں مولانا علی انور جعفری ،آصف صفوی ، اور ناصر حسینی نے خوجہ مسجد کھارادر کے باہر نما زجمعہ کے اجتماع کے اختتام پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں نواسی رسول (ص) سید ہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے اور شام میں اصحاب رسول اکرم (ص) کے مزارات پر ہونے والے حملوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کراچی میں خوجہ مسجد کھارادر کے باہر ہوا۔احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اس موقع پر شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے ہاتھوں میں بینرز ارو پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شام میں اہل بیت رسول (ص) اور اصحاب رسول اکرم (ص) کے مزارات مقدسہ پر تکفیری دہشت گردوں کے حملوں کی مذمت کی گئی تھی جبکہ پلے کارڈز پر امریکہ مردہ باد، اسرائیل نامنظور، لبیک یا حسین (ع)، لبیک یا زینب (س)، کلنا عباس یا زینب اور شام میں امریکی و صیہونی ایجنٹ تکفیری دہشت گردوں کے خلاف نعرے آویزاں تھے۔
خوجہ مسجد کھارادر کے باہر نما زجمعہ کے اختتام پر منعقد ہونے والے مرکزی احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں مولانا محمد حسین کریمی اور مولانا علی انور جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں امریکی و صیہونی ایماء پر تکفیری دہشت گرد گروہ اسلام کے مقدس مقامات اور اہل بیت پیغمبر اکرم (ص) سمیت اصحاب رسول کے مزارات مقدسہ پر حملے کر رہے ہیں اور مسلم امہ کے جذبات کو مجروح کیا جا رہاہے جبکہ نام نہاد عالمی مہذب معاشرے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، ان کاکہنا تھا کہ نواسی رسول اکرم (ص) جناب سید ہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر ہونے والے حملوں نے ثابت کر دیا ہے کہ شام میں لڑنے والے تکفیری دہشت گرد در اصل کسی مذہب سے تعلق نہیں رکھتے اور یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں پیغمبر اکرم (ص) کے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام کو بھی ذبح کر کے شہید کر دیا تھا اور آج پیغمبر اکرم (ص) کی نواسی حضرت سیدہ زینب سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک پر حملوں میں ملوث ہیں۔رہنماؤں کاکہنا تھا کہ حکومت پاکستان ملک بھر سے شام جانے والے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرے کہ جو شام پہنچ کر اسلامی مقدسا ت کو دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں، ان کاکہنا تھا کہ اسلام کے مقدسات کے تحفظ او ر پیغمبر اکرم (ص) کے اہل بیت کی ناموس مبارکہ کے تحفظ کے لئے پاکستان کے شیعہ و سنی مسلمان متحد ہیں اور امریکی و صیہونی ایجنٹ تکفیری دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر شام میں تکفیری دہشت گردوں نے اسلامی مقدسات کو نشانہ بنانے کے عمل کو ترک نہ کیا تو راست اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے امریکہ مردہ باد، اسرائیل نا منظور،لبیک یا زینب (ص)، لبیک یا حسین (ع) اور کلنا عباس یا زینب کے فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔








