پاکستان

بلوچستان میں نون لیگ قوم پرست جماعتوں کیساتھ ملکر حکومت بنائیگی، ایم ڈبلیو ایم کا حمایت کا اعلان

pc razaپاکستان مسلم لیگ نون بلوچستان نے صوبے میں قوم پرست جماعتوں کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اعلان نون لیگ بلوچستان کے صدر سردار ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ میں دیگر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں حکومت سازی کے لئے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت کی جانب سے اُنہیں وزیراعلٰی بھی نامزد کر دیا گیا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم سب کی خواہش ہے کہ بلوچستان میں امن و امان قائم ہو، جب امن قائم ہوگا تو پھر ہی ترقی ہوسکے گی۔ ہماری یہ بھی خواہش ہے کہ صوبے میں کرپشن سے پاک مضبوط حکومت قائم کی جائے۔

ایک سوال کے جواب میں ثناءاللہ زہری کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت میں گڈ گورننس کا فقدان تھا۔ جس کی وجہ سے یہ دن دیکھنا پڑ رہے ہیں۔ سابق حکومت نے امن و امان کے سلسلے میں کبوتر کی طرح اپنی آنکھیں بند کی ہوئی تھیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2008ء کی نسبت بلوچستان میں اس بار صاف و شفاف الیکشن ہوئے، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی اور نومنتخب ایم پی اے سید محمد رضا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ قبل ازیں مجلس وحدت مسلمین کے ایم پی اے سید محمد رضا نے حکومت سازی کے لئے نون لیگ کی حمایت جبکہ ڈیرہ بگٹی سے کامیاب آزاد امیدوار سرفراز احمد بگٹی نے نون لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button