اہم ترین خبریںپاکستان

عوام سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے مسالک و مکاتب فکر کے درمیان نفرتیں پھیلانے والوں سے خبردار رہے، ملی یکجہتی کونسل بلوچستان

مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ قرآن و سنت سے متصادم کوئی قانون قبول نہیں۔ سودی معیشت مسائل کی جڑ ہے۔ تفرقے و انتشار کا خاتمہ، اتحاد و یکجہتی کی فضا سازگار بنانا اور امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے

شیعیت نیوز: ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کا صوبائی اجلاس کوئٹہ میں مدرسہ خاتم النبیین (ص) فیصل ٹاؤن میں منعقد ہوا، جس میں ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر مولانا عبدالحق ہاشمی، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی، مرکزی جامع مسجد کے امام و تحفظ ختم نبوت کے رہنماء مولانا انوارالحق حقانی، امام جمعہ اور شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ جمعہ اسدی،اہل سنت والجماعت کے سید حبیب اللہ شاہ چشتی، جمعیت اتحاد العلماء کے ڈاکٹر عطاء الرحمان، جماعت اسلامی کوئٹہ کے حافظ نور علی، اسلامک لا موومنٹ کے سید نورالحق، مجلس وحدت مسلمین کے سید ذوالفقار علی سعیدی، سہیل اکبرشیرازی، تنظیم اسلامی کے اقتدار احمد، تحریک خلافت کے سید شمس الحق، سید خورشید احمد شاہ اور مولانا سید محمد رضا اخلاقی سمیت علمائے کرام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ قرآن و سنت سے متصادم کوئی قانون قبول نہیں۔ سودی معیشت مسائل کی جڑ ہے۔ تفرقے و انتشار کا خاتمہ، اتحاد و یکجہتی کی فضا سازگار بنانا اور امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مدارس و دینی مراکز کو تحویل میں لینے کا حربہ ناکام ہوگا اور لادین سیکولر سازشی عناصر کی سازشیں ناکام ہونگی۔

یہ بھی پڑھیں: عام شہریوں کے محدود ذرائع آمدن ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے مطابقت نہیں رکھتے، علامہ احمد اقبال رضوی

انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومت، نفاذ اسلام اور دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے بلاتفریق جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ معمولی اختلافات کو ہوا دے کر فرقہ بندی اور تعصب و نفرت پھیلانے والے کسی کے خیرخواہ نہیں بلکہ یہ لوگ دشمن کا کام آسان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے مسالک و مکاتب فکر کے درمیان نفرتیں پھیلانے والوں سے خبردار رہے۔ امت مسلمہ، مذاہب اور مکاتب کے درمیان دوریوں اور نفرتوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی سمیت اجلاس میں موجود دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر فتنے، تعصب و نفرت اور فرقہ واریت و لسانیت کو روکنے کیلئے مل جل کر مخلصانہ جدوجہد کرنی چاہیئے۔ اسلامی قوانین کے خلاف کسی قانون کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ظلم، ذلت، خونخواری اور انسانیت کی پامالی کی آخری انتہاء کو پہنچ گیا ہے۔ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی اور فلسطینیوں کا قتل عام رکوایا جائے۔ پوری دنیا کے مسلم عوام قبلہ اول کی بازیابی، مسجد الاقصیٰ کے تحفظ اور فلسطین کی آزادی کیلئے یک جان اور یک آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، روہنگیا اور یمن کے مسائل عالم اسلام کے اتحاد کے ذریعے ہی حل ہوں گے۔ امریکہ یورپ اور اسلام دشمن صہیونی طاقتیں تو مسلمانوں کو کمزور اور غلام بنا کر ہی رکھنا چاہتی ہیں۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close