اہم ترین خبریںپاکستان

کراچی، تحریک آزادی القدس کے زیر اہتمام آزادی القدس ریلی کا انعقاد، ہزاروں عاشقان القدس کی شرکت

شیعیت نیوز: کراچی میں تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیر اہتمام آزادی القدس ریلی کا انعقاد سی بریز تا تبت سینٹر کیا گیا جس میں ہزاروں عاشقان القدس نے شرکت کی۔

آزادی القدس ریلی  سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی نابودی کا وقت دور نہیں جب قبلہ اول بیت المقدس پر پرچم حق لہرائے گا، مشرق وسطی میں آنے والی یہ بیداری کی لہر آزادی بیت المقد س پر ہی ختم ہوگی  ریلی کے اختتام پر تبت سینٹر پر منعقدہ جلسے سےامامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی،صدر شیعہ علما کونسل سندھ علامہ ناظر عباس تقوی،مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین مولانا احمد اقبال رضوی،رہنما ایم ڈبلیو ایم ناصر شیرازی،مولانا شہنشاہ حسین نقوی،رہنما جمعیت علمائے اسلام مولانا عقیل انجم نے خطاب کیا۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین، بزرگوں اور بچوں نے شرکت کی اور امام خمینی ؒ کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قبلہ اوّل بیت المقدس کی آزادی اور غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی نابودی تک صدائے احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی کا القدس ریلی سے خطاب

آزادی القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر قاسم شمسی نے کہاکہ وہ دن دور نہیں کہ جب یہ دنیا اسرائیل کے ناپاک وجود سے پاک ہوگی، اللہ کا وعدہ ہے ــــ’’بیشک اللہ کا گروہ ہی غالب آنے والا ہے‘‘ ،ہم نے قرآن کی اس آیت کا مصداق لبنان میں حزب اللہ اور فلسطین میں حماس کی کامیابی کی صورت میں دیکھ لیا ہے، امام خمینی ؒ کی بدولت عالم اسلام آج اپنے اہم ترین مسئلے یعنی بیت المقدس کی آزادی کی طرف پلٹ چکا ہے، اور انشاء اللہ امت مسلمہ رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی با بصیرت قیادت میں بیت المقدس کو صیہونی قبضے سے نجات دلائے گی، انہوں نے صدی کی ڈیل کے نام پر اسرائیل کو مزید مستحکم کرنے اور فلسطین کے رہے سہے حقوق کو سلب کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ امریکی صدر امریکی عوام کے نہیں صہیونیوں کے صدر ہیں ،انہوں نے ایران کے خلاف جنگی ماحول پیدا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ایران سے جنگ چاہتے ہیں جبکہ امریکی عوام تک اس جنگ کے مخالف ہے ۔

 

صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل علامہ ناظر تقوی کا القدس ریلی سے خطاب

صوبائی صدر شیعہ علماء کونسل علامہ ناظر تقوی نے شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا عظیم ترین مسئلہ ہے، جس کوآج کے معاشرے میں زندہ رکھنا بھی بہت بڑا جہاد ہے،اور بہت جلد امت مسلمہ اپنے اتحاد سے عالمی استعمار کے عزائم کو خاک میں ملا دے گی، انہوں نے کہا آج یمن شام و عراق اور سوڈان میں جو کچھ ہورہا ہے اسکے پیچھے صہیونی سازش ہے۔مولانا عقیل انجم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل مسجد اقصیٰ کو منہدم کرکے وہاں پر ہیکل سلیمانی بنانے کا منصوبہ بنا رہی ہے، جبکہ مسلسل غزہ پر اسرائیل کی جارحیت جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی واضح مثال سعودی عرب میں ایران کے خلاف جنگ کا ماحول بنانےکے لئے تین بڑی کانفرنس طلب کی گئی جنکا ہدف اسرائیل نہیں ایران ہے ، کیونکہ ایران ہی وہ واحد قوت ہے جس نے مسئلہ فلسطین کو مضبوط کیا۔

 

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر شیرازی کا القدس ریلی سے خطاب

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر شیرازی نے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ہم کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں ہونے دیں گے ، آخر کیوں اسرائیلی درندگی پر اقوام متحدہ اور نام نہاد انسانی حقوق کی دعویدار تنظیمیں خاموش ہیں، آئے دن نہ جانے کتنے بچے یتیم اور نہ جانے کتنے والدین بے اولاد ہوجاتے ہیں۔ امام خمینی ؒ کی بابصیرت قیادت نے اس اہم مسئلے کو اتنی اہمیت دی کہ آج دنیا بھر میں یوم القدس منایا جا رہا ہے۔پاکستان کے عوام نے ہمیشہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی مخالفت اور فلسطینیوں کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور ہر فورم میں ان کے حق میں آواز بلند کی ہے،انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج مکہ میں اسلامی ممالک کی کانفرنس بلا کر صہیونی سازش کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے کہاکہ آج مسلمان انتشار کا شکا ر ہیں، مسلم امہ کو غیرت کا ثبوت دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین پر یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔

مقررین نے شرکاء سے خطاب میں حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو امریکی کالونی بنانے کا منصوبہ فی الفور ترک کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں قابل مذمت ہیں، ہم پاکستانی عوام فلسطینی مظلومین کے خون کا سودا نہیں کریں گے، پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ریلی کے اختتام پر قراردادیں ترجمان تحریکِ آزادی القدس پاکستان نے پیش کیں جبکہ شرکاء نے مردہ باد اور نامنظور کے نعروں کے ساتھ امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے ۔

ٹیگز

متعلقہ مضامین

Back to top button
Close