دشمن سازشوں سے آگاہ ایرانی عوام ہر بحران پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایرانی سفیر
شیعیت نیوز : پاکستان میں ایران کے سفیر محمد رضا امیر مقدم نے کہا ہے کہ گزشتہ رات سے اتوار دوپہر تک ایران میں مجموعی طور پر سکون اور امن کی صورتحال برقرار رہی۔ انہوں نے بتایا کہ بالخصوص تہران اور دیگر بڑے شہروں میں کسی قسم کا قابلِ ذکر ہنگامہ، بدامنی یا انتشار دیکھنے میں نہیں آیا۔
ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروسز کو عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا، جس کی وجہ سیکیورٹی خدشات، دہشت گردوں کی جانب سے لاحق خطرات اور دستاویزی طور پر ثابت شدہ بیرونی مداخلت تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام عوام کے تحفظ اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کا واضح مؤقف: پُرامن اور مستحکم ایران پورے خطے کے مفاد میں ہے
انہوں نے کہا کہ ایران کے باصلاحیت اور بصیرت رکھنے والے عوام دشمنوں کی سازشوں اور ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔ عوام نے دہشت گردوں اور فسادی عناصر سے واضح طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔
محمد رضا امیر مقدم نے مزید کہا کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی ایرانی قوم اس مشکل مرحلے کو عزیمت، استقامت اور سلامتی کے ساتھ کامیابی سے عبور کر لے گی اور دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔







