ٹرمپ انسانیت کے لیے خطرہ ہے، جنگی جرائم کے مقدمات قائم کیے جائیں: علامہ حسن ظفر نقوی

14 جنوری, 2026 16:43

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں امن، انصاف اور انسانی اقدار کے تحفظ کے لیے یہ ناگزیر ہو چکا ہے کہ امریکی صدر کے اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کیے جائیں، کیونکہ وہ انسانیت کے لیے شدید خطرہ بنتا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران، لاطینی امریکہ کے ممالک، گرین لینڈ، ڈنمارک، نائجیریا اور حماس کے خلاف فوجی کارروائی یا سخت نتائج کی دھمکیاں، طاقت کے زعم میں عالمی امن کو یرغمال بنانے کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کی عالمی سامراجیت اور صہیونی عزائم کی تکمیل کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے داخلی حالات سے متعلق چند نکات

علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ یہ امر بھی قابلِ توجہ ہے کہ ایرانی قوم نے ہر دور میں بیرونی دباؤ، پابندیوں اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آج بھی وہ اپنی خودمختاری، نظریاتی شناخت اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی سامراجی قوتوں نے داخلی انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی، عوام نے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ان منصوبوں کو ناکام بنایا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ خودمختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ایران میں حکومت کے حق میں نکلنے والے عوامی اجتماعات اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ایرانی قوم اپنے نظام، اپنے رہبر اور اپنے نظریاتی تشخص کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان ریلیوں نے یہ اعلان کر دیا ہے کہ ایران کو کمزور کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو مایوسی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ایرانی عوام امن، خودداری اور آزادی کے ساتھ اپنی راہ خود متعین کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور ہر اس سازش کو مسترد کرتے ہیں جو ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی کوشش کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم پہلے بھی اپنے اتحاد، شعور اور قربانیوں کے ذریعے ثابت کر چکی ہے کہ وہ نہ صرف اپنے وطن کی حفاظت کرنا جانتی ہے بلکہ خطے میں امن اور خودمختاری کی علامت بن کر کھڑی رہنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے انسانیت کے تحفظ کے لیے متحد ہو، اور ڈونلڈ ٹرمپ اور بنیامین نیتن یاہو جیسے مجرم عناصر کا احتساب یقینی بنائے، جو دنیا کو جنگ، نفرت اور تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آج انصاف نہ ہوا تو کل پوری انسانیت اس کی قیمت چکانے پر مجبور ہوگی۔

10:50 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top