ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف کی وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں اہم ملاقات

07 نومبر, 2025 09:18

شیعیت نیوز : ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے پارلیمنٹ کے اسپیکر عزت ماب ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے ساتھ برادرانہ باہمی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے، اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ اور وفد کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے مسائل کے لیے بات چیت اور سفارتکاری جیسے پرامن طریقوں پر دونوں ممالک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے عزت و تکریم اور خیر سگالی کے پیغامات دیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک ریاستی دہشت گردی اور خود مختار ممالک کے خلاف بلا اشتعال حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان اور ایران بد قسمتی سے دہشت گردی کا شکار رہے ہیں، دونوں ممالک پوری دنیا کے لیے امن و خوشحالی اور علاقائی تعاون کے علمبردار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مسلمانوں کا اتحاد ہی صہیونی حکومت اور استکبار کا مقابلہ کر سکتا ہے، ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر قالیباف

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران مسلم امہ کے اتحاد و یگانگت کے لیے مشترکہ عزم رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی مفاد کے مختلف شعبوں بالخصوص معاشی تعاون اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ ڈاکٹر قالیباف نے وزیراعظم، حکومت اور پاکستان کی عوام کا حالیہ ایران اسرائیل جنگ میں بھرپور تعاون اور حمایت پر دلی اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اسرائیل جنگ میں پاکستان کی حمایت کو ایرانی عوام کی تحسین اور خصوصی پذیرائی حاصل ہے۔ پاکستان اور ایران دنیا کے امن اور مسلم امہ کے اتحاد پہ یقین رکھتے ہیں۔

ایرانی اسپیکر نے پاکستانی پارلیمنٹ کے ساتھ مثبت تعاون کو سراہتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں بشمول معیشت اور تجارت میں تعاون کو مزید بڑھانے کے ایرانی عزم کا اظہار کیا۔

ایرانی اسپیکر نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی طرف سے وزیراعظم اور پاکستانی عوام کے لیے جذبہ خیر سگالی کا بھی اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں دورے کے دوران مہمان نوازی پر بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیراعظم کے خصوصی برائے خارجہ امور سید طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

5:13 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top