دنیا

تیسری عالمی جنگ کن ہتھیاروں سے لڑی جائے گی، دیمیتری میدویدیف

شیعیت نیوز: روس کی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ اور سابق صدر دیمیتری میدویدیف نے خبردار کیا ہے کہ کیف کو بکتر بند گاڑیاں اور مختلف قسم کے ہتھیار دے کر، تیسری جنگ عظیم کو روکا نہیں جا سکتا ہے۔

دیمیتری میدویدیف نے کہا کہ اگر تیسری عالمی جنگ شروع ہوئی تو ٹینکوں اور جیٹ فائٹروں کے ذریعے نہیں ہوگی، بلکہ اگر اس جنگ کے شعلے بھڑکے تو پوری دنیا راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو جائے گی ۔ اس سے مراد شاید جدید قسم کے ہتھیار ہوں گے یا پھر ایٹمی ہتھیار استعمال ہوں گے۔

میدویدیف نے کہا کہ اٹلی سمیت بعض مغربی ممالک کے وزرائے دفاع یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ تیسری جنگ عظیم کو بھاری ہتھیار دے کر روکا جا سکتا ہے تاہم یہ ان کی بھول ہے۔

روس کی قومی سلامتی کے ادارے کے نائب سربراہ نے برطانوی حکام کو بھی یوکرین کی جنگ کی آگ مزید بھڑکانے کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جنگی طیارے، دسیوں ٹینک، دور مار میزائل و غیرہ کے ذریعے شائد روس کو روکا جا سکتا ہو لیکن اس کے ذریعے تیسری عالمی جنگ کو ہرگز روکا نہیں جاسکتا۔

یاد رہے کہ یوکرین کی جانب سے نیٹو میں شمولیت کے عزائم کے اعلان کے بعد، گذشتہ سال فروری کے مہینے میں روس نے یوکرین میں خصوصی فوجی آپریشن شروع کیا تاہم مغربی دنیا کی کھلی مداخلت کے نتیجے میں یہ جنگ تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ عراق میں بلوے کرانا چاہتا ہے، عراقی رہنما علی الزبیدی کا انکشاف

دوسری جانب جرمنی نے یوکرین کو لیپرڈ 2 جنگی ٹینکوں کی فراہمی کے اعلان کے چند دن بعد ’’ لڑاکا طیاروں‘‘ کی فراہی سے انکار کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولز نے اپنے حالیہ انٹرویو میں ہتھیاروں کے لیے جنگ کی حمایت کے خلاف خبردار کیا۔

جرمن چانسلر نے کہا کہ ان کی توجہ جرمن ساختہ لیپرڈ 2 ٹینکوں کی فراہمی پر ہے، حقیقت یہ ہے کہ ہم نے ابھی ٹینک بھیجنے کے بارے میں ایک فیصلہ کیا ہے لیکن لڑاکا طیاروں کے حوالے سے ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے جو کہ فضول ہے۔

انہوں نے روسی صدر پوتین کے ساتھ رابطے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے بات کرنے کی ضرورت ہے، لیکن میں ہمیشہ واضح رہا ہوں کہ یوکرین پر روس کا حملہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے اور صرف روس کی فوجیوں کے انخلاء سے ہی صورتحال حل ہو پائے گی۔

یاد رہے کہ جرمنی کی جانب سے گزشتہ ہفتے روس کے خلاف یوکرین کو لیپرڈ ٹو ٹینک فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جسے امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی خوش آئند قرار دیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button