شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒکی یاد منانے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے دیئے ہوئے رہنماء اصولوں کو مشعل راہ بنایا جائے، علامہ سا جد نقوی
شیعیت نیوز: سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے معروف سماجی و مذہبی شخصیت ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کی 27ویں برسی پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہماری جانب سے ارض پاک کی داخلی سلامتی اور استحکام کی خاطر ایک طرف اتحاد و وحدت کی بنا ڈال کر انتشار و افتراق، بدامنی و انارکی کی فضا کا خاتمہ کرکے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا گیا تو دوسری جانب مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، دانشور، ماہرین، اکابرین اور اور کارکنان کی قیمتی جانوں کی قربانی دے کر ملک کو تباہی و بربادی اور خانہ جنگی سے محفوظ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:یکساں نصاب تعلیم پر اعتراضات کی دوری کیلئے ایم ڈبلیوایم کی نصاب کمیٹی کی وزارت تعلیم کے ساتھ ایک اور بیٹھک
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد علی نقوی جیسی متحرک اور فعال سماجی و روشن فکر شخصیت کی شہادت اسی جدوجہد کا تسلسل تھی، جو ہمیشہ ملی پلیٹ فارم سے وابستہ و مربوط رہے، ان کی قومی و ملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی نیز ان کی یاد منانے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے دیئے ہوئے رہنماء اصولوں کو مشعل راہ بنایا جائے۔ مذہب و ملت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا جائے، وحدت و یکجہتی کو فروغ دیا جائے، باہمی پیار و محبت اور الفت کو عام کیا جائے اور باہم متحد ہوکر اپنے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔







