سانحہ پشاور کے مزید 5 زخمی نمازیوں کی شہادت اسپتال انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ ہے، علامہ عبدالخالق اسدی
شیعیت نیوز:مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے سانحہ پشاور کے زخمیوں کے علاج معالجے میں ہسپتال کے عملے کی غفلت کی پُرزور انداز میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں علامہ اسدی کا کہنا ہے کہ پشاور مسجد دھماکے میں زخمی ہونیوالے شہریوں کو طبی امداد کی فراہمی میں ہسپتال کا عملہ غفلت کا مظاہرہ کر رہا ہے، کبھی ادویات نہیں تو کبھی ٹیسٹوں کیلئے معاملات کو تاخیر کا شکار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یکساں نصاب تعلیم پر اعتراضات کی دوری کیلئے ایم ڈبلیوایم کی نصاب کمیٹی کی وزارت تعلیم کے ساتھ ایک اور بیٹھک
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد اب تک 5 سے زائد زخمی شہید ہو چکے ہیں، اگر انہیں بروقت طبی امداد اور بہتر طبی سہولتیں مل جاتیں تو وہ بچ سکتے تھے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ، وزیر صحت کے پی اور گورنر کے پی سے مطالبہ کیا ہے کہ قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار کی مسجد کے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور وزیرصحت خود موقع پر جا کر زخمیوں کے علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیں۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ جو زخمی بعد میں شہید ہوئے ہیں، ان کی بھی انکوائری کروائی جائے کہ انہیں بروقت طبی امداد کیوں فراہم نہیں کی گئی۔







