سانحہ پشاور سے دنیا بھر کے آزاد انسانوں کے دل مجروح ہوئے ہیں، آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی

07 مارچ, 2022 06:44

شیعیت نیوز: مرجع عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے پاکستان کے شہر پشاور کی شیعہ مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کے خلاف اپنے مذمتی پیغام میں کہا ہے کہ ایک بار پھر پاکستان میں شیعہ مسجد پر خودکش حملے میں بڑی تعداد میں بے گناہ نمازیوں کو خون میں غلطاں کردیا گیا، جس کی وجہ سے شیعیانِ اہلبیت علیہم السلام اور دنیا بھر کے آزاد انسانوں کے دل مجروح ہوئے ہیں۔

افسوسناک امر یہ ہے کہ اس سلسلہ وار قتلِ عام کو دنیا دیکھ رہی ہے لیکن اس کے باوجود حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں نے اس المناک سانحہ کی مذمت نہیں کی ہے اور اس قسم کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے اب تک کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا گیا۔

آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی نے اس دردناک مصیبت پر حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، تمام مسلمانوں اور بالخصوص شہداء کے اہلِ خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور بارگاہِ خداوندی میں تمام شہداء کے لئے رحمت و مغفرت اور زخمیوں کے لئے شفاء عاجل کا طالب ہوں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک دشمن عناصر کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی خواہش کے بھیانک نتائج پوری قوم کو بھگتنے پڑ رہے ہیں،علامہ حسن ظفر نقوی

دوسری جانب مرجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی نے پشاور میں نماز جمعہ کے دوران کی جانے والی دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پشاور پاکستان میں نماز جمعہ کے دوران کی جانے والی دہشت گردانہ کارروائی کی خبر نے دنیا کی آزاد قوموں کے دلوں کو رنجیدہ کیا اور اس ہولناک جرم نے ایک بار پھر استکبار جہاں اور ان کے آلہ کاروں کے منحوس چہرے کو نمایاں کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس غیر انسانی فعل کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی معزز عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اس بات کی امید ہے کہ اتحاد و یکجہتی سے مسلمانوں کے مابین تفرقہ ڈالنے کے دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انشاءالله ہمیں یقین ہے کہ یہ ناحق بہایا جانے والا خون، بہت جلد ظالموں کے ظلم و جبر کی نابودی کا سبب بنے گا۔ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس واقعے میں شہید ہونے والے شہداء کی بلندی درجات اور زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہوں۔

10:26 صبح مارچ 8, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top