ہتھیاروں پر نہیں اپنے عزم و ایمان پر یقین رکھتے ہیں، جنرل حسین سلامی
شیعیت نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ مقامی ٹیکنالوجی کے ذریعے کافی مقدار میں ہتھیاروں کی تیاری کے باوجود، ہم ہتھیاروں پر نہیں بلکہ اپنے عزم و ایمان پر یقین رکھتے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے دو نئے میزائل اور ڈرون مراکز کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ مستقبل پر نظر رکھے ہوئے، ایئرو اسپیس فورس کے تازہ دفاعی اقدامات قابل قدر ہیں۔
جنرل حسین سلامی نے میزائل، ڈرون، ایئرڈیفینس سسٹم، لڑاکا طیاروں اور جنگی جہازوں کو حقیقی طاقت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طاقت کا سرچشمہ انسان کے قلب و ذہن میں ابھرنے والے عقائد و نظریات سے پھوٹتا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ طاغوتی طاقتوں کے ذریعے کسی کو ملنے والی طاقت پائیدار نہیں ہوتی اور افغانستان اس کی واضح مثال ہے جہاں امریکہ کی مسلح کردہ فوج دس منٹ بھی جنگ نہ کرسکی۔
واضح رہے کہ آج سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے دو نئے زیر زمین میزائل اور ڈرون مراکز کی رونمائی اورانہیں دفاعی سسٹم کے ساتھ منسلک کردیا۔ ایران کی عسکری حکمت عملی دفاع پر استوار ہے اور جدید ترین ہتھیاروں اور تربیت یافتہ فوج، اس حکمت عملی کے بنیادی ستون ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا بھر میں امام حسین و ابوالفضل العباس علیہ السلام کے ایام ولادت کے موقع پر ذکر کی گونج
دوسری جانب یوم پاسداران کی آمد کے موقع پر سپاہ پاسدارن انقلاب اسلامی کے ایئر و اسپیس ڈویژن نے دو نئے میزائل اور ڈرون مراکز کی رونمائی کرتے ہوئے انہیں فعال کر دیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مذکورہ دونوں دفاعی مراکز بلند و بالا پہاڑیوں کے درمیان واقع ہیں اور یہاں زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل اور حملہ آور ڈرون سسٹم نصب کیے گئے ہیں۔
ایران کے انقلابی نوجوانوں کی کاوشوں کے نتیجے میں تیار کیے جانے والے ان مراکز نے دشمنوں کی ہر جارحیت کے مقابلے میں ملک کو ایک محفوظ قلعے میں تبدیل کردیا ہے ۔ یہ پہلی بار ہے جب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اپنے کسی بھی زیرزمین مرکز کی رونمائی کی ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے میزائل اور ڈرون مرکز کا معائنہ بھی کیا، اس موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ائیرو اسپیس ڈویژن کے کمانڈر بریگیڈیر امیر علی حاجی زادے نے ملکی دفاع کے لیے اپنے ڈویژن کی جانب سے انجام پانے والے تازہ ترین اقدامات کی ایک رپورٹ بھی پیش کی۔






